وزیراعظم مودی، نئے صدر مالدیپ صالح کی بات چیت

قریبی باہمی روابط کے احیاء کا عزم، نئے لیڈر کو دورۂ ہند کی دعوت
مالے ، 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ نئے صدر مالدیپ ابراہیم محمد صالح کے ساتھ قریبی ربط کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں جبکہ دونوں قائدین نے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات اور دوستی کے احیاء کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا۔ دونوں ملکوں کے روابط میں بحر ہند کی اس جزیرہ قوم میں سیاسی اتھل پتھل کی وجہ سے مختصر مدت کیلئے خلل پڑا ہے۔ مودی نے نئے میزبان لیڈر کو یہاں اپنی میٹنگ کے دوران دورۂ ہندوستان کی دعوت دی۔ چنانچہ اس سرکاری دورے کی تیاری کیلئے مالدیپ کے وزیر خارجہ نئی دہلی کا 26 نومبر کو دورہ کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم مودی نے منتخب صدر 54 سالہ ابراہیم صالح کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی، جنہوں نے ستمبر میں منعقدہ انتخابات میں طاقتور حریف عبداللہ یامین کو حیرت انگیز طور پر شکست دی تھی ۔ اس موقع پر مودی سابق صدور محمدنشید ، مامون عبدالقیوم اور سری لنکا کی سابق صدر چندریکا کمارا تنگا کے ساتھ بیٹھے رہے۔ مودی نے دوران تقریب مالدیپ اور دنیا کے دیگر حصوں کے قائدین سے بھی گفتگوکی ۔