وزیراعظم لیبیامستعفی

طرابلس ۔ /13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)لیبیا کے عبوری وزیراعظم عبداللہ الثنی نے آج استعفیٰ دیدیا اور کہا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو ایک دن قبل دغا بازی کے ذریعہ مسلح حملہ کا نشانہ بنایا گیا ۔ انہوں نے یہ عہدہ سنبھالنے کے اندرون ایک ہفتہ استعفیٰ دیدیا ۔ جبکہ پارلیمنٹ نے انہیں نئی کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری دی تھی ۔ اس سے پہلے ان کے پیشرو کو ملک میں لاء قانونیت پر قابو نہ پانے کی وجہ سے عہدہ سے ہٹادیا گیا تھا ۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ان پر اور ان کے خاندان پر کئے گئے غدارانہ حملے کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ قبول نہیں کریں گے ۔

سعودی عرب میں میرس وائرس سے ایک ہلاکت‘8مزید متاثر
جدہ ۔13اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں میرس وائرس سے متاثر ایک غیر ملکی ہلاک ہوگیا جب کہ 8مزید افراد متاثر ہوگئے۔وائرس کے اثرات ساحلی شہر جدہ تک پھیل گئے ہیں ‘ جس کی وجہ سے عوام میں دہشت پھیل گئی ہے ۔ تاحال اس وائرس سے متاثرہ 68افراد کی موت واقع ہوچکی ہے جس کی وجہ سے سعودی عرب اس وائرس سے متاثر ممالک میں اموات کی اعتبار سے سرفہرست آگیا ہے ۔ تازہ متاثرین میں وزارت صحت کی اطلاع کے بموجب دو خواتین اور تین مردوائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ جدہ میں پانچ افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع پر جدہ میں دہشت پھیل گئی ہے ۔ وزیر صحت عبداللہ الربیعہ نے کل جدہ کے ہاسپٹلوں کا دورہ کیا ۔ اس وائرس کے انفکشن سے تنفس کے امراض پیدا ہوتے ہیں۔