وزیراعظم عراق کا صیانتی مذاکرات کے لئے دورۂ اردن

بغداد۔ 26؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ وزیراعظم عراق حیدر العبادی آج اردن کے دورہ پر عمان پہنچ گئے تاکہ دولت اسلامیہ کے جہادیوں سے مقابلہ کرنے کے بارے میں بات چیت کرسکیں۔ یہ ان کے دورۂ ایران کے بعد دوسرا سفارتی دورہ ہے۔ دولت اسلامیہ عراق کے بڑے علاقوں پر گزشتہ جون سے قابض ہے اور اس نے شام میں بھی قابل لحاظ حصہ پر قبضہ کرلیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ان دونوں ممالک بلکہ پڑوسی ممالک کے لئے بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اردن میں وزیراعظم عراق حیدر العبادی شاہ اردن عبداللہ اور وزیراعظم عبداللہ نصور سے ملاقاتیں کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دفاعی تعاون کی درخواست کریں گے، کیونکہ دولت اسلامیہ سے دونوں پڑوسی ممالک کی صیانت کو خطرہ لاحق ہے۔ اردن کی سرحد عراق کے صوبہ عنبر کی سرحد سے متصل ہے جس پر دولت اسلامیہ نے قبضہ کرلیا ہے۔