وزیراعظم سے ’دل سے دل کی بات‘مذاکرات کی اجازت کی اپیل

نئی دہلی29نومبر(سیاست ڈاٹ کام )سماجی اور سیاسی نمائندوں کی کوآرڈی نیشنل کمیٹی کے کنوینر پروفیسربھیم سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں وکشمیر اور پاک مقبوضہ کشمیر کے نمائندوں کے مابین ‘دل سے دل کی بات’ مذاکرات کی اجازت دیں۔پنتھرس سربراہ نے وزیراعظم مسٹر مودی کو تحریر کردہ ایک مراسلہ میں کہا کہ وہ اس سے پہلے 2005اور 2007میں اس طرح کے مذاکرات کا اہتمام کرچکے ہیں جس میں گلگت ، بلتستان سمیت جموں کشمیر اور پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے ) کی سماجی اور سیاسی قیادت نے شرکت کی تھی جن میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پروفیسر عبدالغنی بھٹ، مسٹر شبیر شاہ، سیف الدین سوز، غلام نبی آزاد سمیت سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل تھے جبکہ پاک مقبوضہ کشمیر سے شامل ہونے والے لوگوں میں پی او کے کے سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان اور پی او کے موجودہ وزیراعظم مسٹر راجہ فاروق حیدر شامل ہوئے تھے ۔اس موقع پر سابق مرکزی وزیر رام جیٹھ ملانی نے ان لوگوں کو خصوصی عشائیہ دیا تھا جبکہ جموں وکشمیر کے سابق مہاراجہ ڈاکٹر کرن سنگھ نے اپنی رہائش گاہ پر لنچ کا اہتمام کیا تھا۔