نئی دہلی 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج عوام سے خواہش کی کہ وہ ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے استعمال کے لئے ٹرسٹیز کی خدمات انجام دیں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہماری آئندہ نسلیں خوش رہیں۔ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے اِس عہد کا اعادہ کیاکہ ماحولیات کا تحفظ کیا جائے گا اور کرۂ ارض کو زیادہ صاف ستھرا اور سرسبز بنایا جائے گا۔ نریندر مودی نے کہاکہ حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ اِس کام میں عوام کی شرکت ایک زیادہ صاف ستھرے اور سرسبز کرۂ ارض کی تشکیل میں بڑا فرق پیدا کرسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہماری روزمرہ زندگی میں چھوٹے سے چھوٹا اقدام اِس بات کو یقینی بنائے گا کہ فطرت اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہو۔