وزیراعظم ریس کورس روڈ کی سرکاری قیامگاہ منتقل

نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تقریب حلف برداری کے 5 دن بعد نریندر مودی آج ریس کورس روڈ پر وزیراعظم کی سرکاری قیامگاہ منتقل ہوگئے۔ وہ عارضی طور پر گجرات بھون میں مقیم تھے۔ وہ آج صبح 5 ریس کورس روڈ منتقل ہوئے اور وہاں مختصر سے وقت کے لئے پوجا کی۔ اُن کی ملکیت کی بیشتر اشیاء 5 ریس کورس روڈ منتقل کردی گئی ہیں۔ یہ بنگلہ وزیراعظم کی سابق رہائش گاہ 7 نمبر کے بنگلہ کے بجائے نریندر مودی کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اُن کے تمام پیشرو 7 ریس کورس روڈ پر قیام کرتے تھے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے اپنی ریس کورس روڈ کی قیامگاہ کا نریندر مودی کی بحیثیت نئے وزیراعظم حلف برداری کے فوری بعد تخلیہ کردیا تھا۔ چنانچہ ازسرنو تزئین و آرائش کی جارہی تھی۔ مودی 7 ریس کورس روڈ کے بنگلہ کو اپنے دفتر کے طور پر استعمال کریں گے۔