کراچی ، 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر ان کا نام وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹرز میں شامل کیا جاتا ہے تو یہ ان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہوگی۔ مصباح نے ’بی بی سی اردو‘ کو انٹرویو میں کہا کہ ان کی ہمیشہ سے اولین ترجیح پاکستانی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنا اور اچھی کارکردگی دکھانا ہے لیکن ظاہر ہے کہ اگر وزڈن یا اسی طرح کے دوسرے اعزازات آپ کے حصے میں آتے ہیں تو ان کی بھی بڑی اہمیت ہوتی ہے کیونکہ انھیں آپ نہ صرف ہمیشہ یاد رکھتے ہیں بلکہ فخر بھی محسوس کرتے ہیں۔ دنیائے کرکٹ میں معتبر مقام رکھنے والی کتاب وزڈن ہر سال انگلینڈ میں کھیلی جانے والی بین الاقوامی اور کاؤنٹی کرکٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ بہترین کرکٹرز کا انتخاب کرتی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے موجودہ دورۂ انگلینڈ میں کپتان مصباح وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹرز میں شمولیت کے ایک مضبوط دعویدار کے طور پر سامنے آئے ہیں جس کا سبب بحیثیت کپتان اور بیٹسمن اُن کی اس دورے میں عمدہ کارکردگی ہے۔ مصباح کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف چار ٹسٹ میچوں کی سیریز 2-2 سے ڈرا کی۔