سرینگر۔19مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدرنشین میر واعظ عمر فاروق نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کو وزرائے اعظم کی سطح پر بات چیت کرنا چاہئے اور کہا کہ ان کی پارٹی مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کرنے کی بھرپور تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ معتمدین خارجہ سطح کی ہند۔ پاک مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے وزرائے اعظم سطح کی بات چیت کا احیاء کیا جائے۔ وہ حریت کانفرنس کے ایک اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سطح پر بات چیت میں پیشرفت ہونی چاہئے، خاص طور پر وزرائے اعظم کی سطح کی بات چیت ہونی چاہئے۔ دونوں ممالک کی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد بات چیت کا احیاء کریں تاکہ مسئلۂ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے پیشکش کیا کہ ان کی پارٹی ایسی کوشش کی بھرپور تائید کرے گی۔
راہبہ کیساتھ مذہبی رہنماؤں کا اظہارِ یکجہتی
نئی دہلی۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے آج ایک دعائیہ اجتماع میں71 سالہ اجتماعی عصمت ریزی کی شکار مغربی بنگال کی کانوینٹ کی راہبہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ مذہبی عقائد سے بالاتر ہوکر مذہبی پیشواؤں نے اس ہولناک واقعہ کے خلاف احتجاج کیا اور پیغام دیا کہ صنفی ناانصافی کے خلاف سماجی جنگ ضروری ہے۔