نئی دہلی ۔ 8 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس ارون جیٹلی اور معتمد فینانس ہنسمکھ آڈھیر کی بیک وقت وزارت فینانس سے غیرحاضری کی اطلاعات پر طنز کرتے ہوئے کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیر کے نام وزیراعظم کے فرضی مکتوب کے ساتھ آج حکومت کا مذاق اُرایا ۔ راہول نے ٹوئٹر پر ’’ایف ایم ‘‘ (وزیر فینانس ) کے نام ’’وزیراعظم‘‘ کا دستخط شدہ (فرضی) مکتوب پیش کیا جس میں کہا گیا تھا کہ … یہ اس وزرات کو تاحکم ثانی بند کردیا جائے ‘‘ ۔ راہول گاندھی کی طرف سے اپنے ریمارکس کے ساتھ ٹوئیٹر پر پیش کردہ اس اخباری رپورٹ کے مطابق جیٹلی گردہ کے عارضہ کے سبب ایک ماہ سے اپنے دفتر نہیں پہونچ سکے ہیں۔ اس خبر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آدھیہ بھی میسورو میں سوامی وشاراد آنند سرسوتی کے ساتھ یوگا اور گیان دھیان کرنے کیلئے 20 مئی تک رخصت حاصل کرچکے ہیں۔ اس اخباری رپورٹ پر راہول گاندھی نے دلچسپ انداز میں طنز کے ساتھ اپنی حس مزاح کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اس طرح فرضی مکتوب لکھا ہے ’’عزیز ’ایف ایم‘ ( وزیر فینانس) آپ کی صحت ناساز ہے،فینانس سکریٹری بھی روحانی سکون کی تلاش و جستجو میں اپنے گرو کے ساتھ تعلطیلات گذار رہے ہیں ۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس وزارت کو تاحکم ثانی بند کردیا جائے ۔ پی ایم او (وزیراعظم کا دفتر ) حسب سابق تمام مالیاتی پالیسی فیصلے کرے گا ‘‘۔