ممبئی 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی کٹر حریف شیوسینا کیلئے حالات کو مشکل بناتے ہوئے مہاراشٹرا نو نرمان سینا نے آج وزارت عظمی دوڑ کیلئے نریندر مودی کی تائید کا اعلان کیا جبکہ اس نے لوک سبھا حلقوں سے اپنے امیدواروں کا بھی اعلان کیا ۔ بیشتر امیدوار ایسے حلقوں سے نامزد کئے گئے ہیں جہاں سے عام طورپر شیوسینا مقابلہ کرتی ہے ۔ ایم این ایس کے آٹھویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی سربراہ راج ٹھاکرے نے کہا کہ نریندر مودی کو وزیر اعظم بننا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرینگے اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کرینگے ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کیلئے ہم نریندر مودی کی تائید کرینگے ۔ مودی کو اس ملک کا وزیر اعظم بننا چاہئے ۔ پارٹکی نے سات امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جن میں فلم ساز مہیش منجریکر بھی شامل ہیں۔ وہ ممبئی نارتھ ویسٹ سے مقابلہ کرینگے جہاں سے فی الحال کانگریس کے گرداس کامت نمائندگی کرتے ہیں۔ شیوسینا نے اس حلقہ سے سینئر لیڈر گجانند کرتیکر کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے میانک گاندھی کو امیدوار بنایا ہے ۔ ایم این ایس نے ‘ سابق بی جے پی صدر نتن گڈکری کی راج ٹھاکرے سے حالیہ ملاقات کے بعد اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے ۔ گڈکری کی راج ٹھاکرے سے ملاقات پر شیوسینا نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا ۔