300 کروڑ روپئے کا بجٹ منظور ، جشن آزادی تقریب سے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کا خطاب
ورنگل ۔ 15 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ورنگل میں 72 ویں جشن آزادی تقریب کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ پولیس ہیڈکوارٹر گراؤنڈ ہنمکنڈہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ترنگا لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے 6 دہوں کی جدوجہد کے بعد کے سی آر کی قیادت میں 2 جون 2014 ء کو ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ۔ انھوں نے کہاکہ ورنگل کی ترقی کیلئے چیف منسٹر سنجیدہ ہیں ۔ حیدرآباد کے بعد ورنگل ریاست تلنگانہ کا دوسرا بڑا ضلع ہے اس کی ترقی کیلئے 300 کروڑ کابجٹ علحدہ منظور کیا گیا ۔ ورنگل کو ایجوکیشن ہب ، آئی ٹی ہب ، ٹیکسٹائیل ہب بنانے کے ساتھ ساتھ ورنگل میں حیدرآباد پبلک اسکول ، اگریکلچرل کالج ، ویٹرنیری کالج ، بینک اسکول کے قیام کے ساتھ ساتھ کالوجی ہیلتھ یونیورسٹی کے علاوہ پاسپورٹ آفس اور آئی ٹی کمپنیاں ورنگل کا رُخ کررہی ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریلوے ویاگنگ یونٹ کا قیام اشیاء کا سب سے بڑا کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو راست بلراست روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ اس موقع پر مختلف اسکول کی جانب سے طلبہ نے ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے ۔ نمایاں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ایوارڈ عطاکئے گئے اس موقع پر پولیس کمشنر ڈاکٹر رویندر ، ضلع پریشد چیرپرسن پدما ، ورنگل ایم ایل اے کونڈا سریکھا ، میئر این نریندر ، ڈپٹی میئر خواجہ سراج الدین ، ضلع کے اعلیٰ عہدیدار کلکٹر امراپالی ، جوائنٹ کلکٹر دیاندن و دیگر موجود تھے ۔