ورنگل پارلیمانی حلقہ کے ضمنی انتخابات

سرسلہ راجیا کانگریس اور پی دیاکر ٹی آر ایس امیدوار نامزد
ورنگل ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ورنگل پارلیمانی ضمنی انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی ٹی آر ایس نے پی دیاکر کو اپنا پارٹی امیدوار بنایا ہے ۔ جب کہ کانگریس پارٹی نے سابق ایم پی سرسلہ راجیا کو دوبارہ پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے ۔ گذشتہ تین دنوں سے دونوں پارٹیوں میں امیدوار کے انتخاب کے لیے بڑی سرگرمیاں جاری تھیں جب کہ کل ٹی آر ایس کی جانب سے جی روی کمار کا نام زیر گشت تھا قانونی طور پر نام کا اعلان باقی تھا لیکن چند ناگزیر وجوہات کی بناء پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی صدر چندر شیکھر راؤ نے آخر میں وردھنا پیٹ اسمبلی حلقہ کے پارٹی انچارج پی دیاکر کے نام کو قطعیت دی اور تمام پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لیے متحدہ کوشش کریں ۔ ٹی آر ایس میں دیاکر کے نام کا اعلان ہونے سے قبل کئی ناموں پر غور و خوض کیا گیا ۔ آخری مراحل میں پارٹی سربراہ نے ان کے نام کا اعلان کیا۔ جب کہ کانگریس پارٹی نے سابق ایم پی سرسلہ راجیا کو پارٹی امیدوار قرار دیا ۔ سرسلہ راجیا سابق میں ضلع پریشد سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں علحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک کے موقع پر انہوں نے پارلیمنٹ کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے کانگریس سربراہ محترمہ سونیا گاندھی پر زبردست دباؤ ڈالتے ہوئے تلنگانہ بل کو پاس کروانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ مقامی طور پر عوام سرسلہ راجیا سے واقف ہیں ۔ یہ ایک مقبول عام امیدوار ہیں ۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد یہ نشست خالی ہوچکی تھی ۔ موجودہ ضمنی انتخابات کے لیے ٹی آر ایس کی جانب سے انتخابات کی نگرانی ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور کریم نگر رکن پارلیمنٹ پی ونود کمار کریں گے ۔ ورنگل پارلیمنٹ کے تحت آنے والے 7 اسمبلی حلقہ جات اسمبلی حلقہ پرکال کے لیے ایٹالہ راجندر ، ورنگل مشرق ٹی ہریش راؤ ، ورنگل مغرب ( ہنمکنڈہ ) کے تارک راما راؤ ، اسٹیشن گھن پور اسمبلی حلقہ کے لیے اندرا کرن ریڈی ، پالا کورتی کی نگرانی جگدیش ریڈی وردھنا پیٹ جوگورامنا ضمنی انتخاب میں ان حلقوں کے نگران کار رہیں گے ۔