مسلم تحفظات کے معاملے میں کے سی آر کافی سنجیدہ، ٹی آر ایس قائد عبد القادر کا ادعا
گمبھی راؤ پیٹ /22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل پارلیمانی نشست پر ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی یقینی ہے۔ حکومت کی عوامی فلاحی اسکیمات کے تئیں ٹی آر ایس امیدوار پی دیاکر کو بھاری اکثریت حاصل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ٹی آر ایس کے ریاستی قائد جناب محمد عبد القادر نے کیا۔ موصوف آج گمبھی راؤ پیٹ میں صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد جناب سید آصف علی سعادت کی قیامگاہ پر پارٹی قائدین سے ملاقات کے بعد نمائندہ سیاست سے محو گفتگو تھے۔ انھوں نے کہا کہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی فلاحی اسکیمات سے ہر کوئی مستفید ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرا یہ ذاتی تجربہ ہے کہ میں نے گزشتہ دنوں انتخابی مہم کے دوران پارلیمانی حلقہ ورنگل کے مختلف مقامات پر رائے دہندوں سے ملاقات کی، جہاں عوام کی ایک بڑی تعداد بالخصوص مسلم طبقہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے عوام کے حق میں رو بہ عمل لائے جانے والے فلاحی اقدامات اور نت نئی اسکیمات سے مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ورنگل پارلیمانی حلقہ کی عوامی لہر ٹی آر ایس امیدوار پی دیاکر کے حق میں دیکھی گئی۔ جناب عبد القادر نے نمائندہ سیاست کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسلم تحفظات کے معاملے میں حکومت اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کافی سنجیدہ ہیں۔ وہ اپنے انتخابی منشور میں مسلمانان تلنگانہ سے کئے گئے وعدہ کو بہرصورت پورا کریں گے۔ انھوں نے کے سی آر کی جانب سے مسلمانوں کے حق میں حکومت کی جانب سے عمل میں لائی گئی فلاحی اسکیمات کا ذکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران افطار پارٹیوں کے علاوہ غریب و مستحق افراد میں پارچہ جات تقسیم کے علاوہ غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے ’’شادی مبارک‘‘ جیسی اسکیم کو متعارف کراتے ہوئے کئی بے سہارا غریب لڑکیوں کی شادی میں ممکنہ مدد کی کوشش کی۔ جناب عبد القادر نے کہا کہ آئندہ دنوں حکومت کی جانب سے ائمہ مساجد اور مؤذنین کو ماہانہ نذرانہ دینے کا جو اقدام کیا ہے، اس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ رمضان کے دوران مساجد اور عیدگاہوں کی مرمت اور آہک پاشی کے لئے بھی کے سی آر نے کروڑہا روپئے منظور کئے تھے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین محمد محبوب علی، سید ولایت، امجد اور دیگر بھی موجود تھے۔