میونسپل کارپوریشن کا اجلاس ، شہر کی ترقی کیلئے مل جل کر کام کرنے میئر خواجہ سراج الدین کا زور
ورنگل۔ 21 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواجہ سراج الدین انچارج میئر گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کی صدارت میں کونسل ہال میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی ایک ترقیاتی کاموں کے بل کی منظوری اور قرارداد کو پیش کیا گیا۔ ترقیاتی کاموں میں لاپرواہی اور کارپوریٹرس کی قدر نہ کرنے کے الزام کے تحت پانچ عہدیداروں کی خدمات کو سرینڈر کرتے ہوئے ان کی خدمات حکومت کے حوالے کی گئی۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر دہشت گرد حملے میں شہید جوانوں اور سابق کارپوریٹر کمار سوامی کی موت پر 2 منٹ کی خاموشی مناتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کارپوریشن، بلدی عہدیداروں کے خلاف شکایت کرتے ہوئے ان کو سرینڈر کرنے کی مانگ کرنے لگے۔ کونسل ہال میں ڈپٹی کمشنر پرشانتی ای ای راجیا کے علاوہ بی رانی، بلڈنگ انسپکٹر سمن، پروین کے خلاف ان کی خدمات کو حکومت کے حوالے کرنے کی قرارداد منظور کی۔ واضح رہے کہ 24 اگست 2017ء میں منعقدہ کونسل اجلاس میں بھی عہدیداروں کی خدمات کو حکومت کے حوالے کرنے کی قرارداد منظور کی جاچکی تھی۔ میونسپل کارپوریشن میں کارپوریٹرس اور عہدیداروں کے درمیان ہمیشہ تناؤ رہتا ہے۔ میر خواجہ سراج الدین نے کہا کہ شہر ورنگل کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ورنگل کو ایک مثالی شہر کے طرز پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن حدود میں صاف صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کیلئے 23 لاکھ 73 ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ دیشان پیٹ فلٹر بیڈ کیمیکل کیلئے 49 لاکھ، بلدی حلقہ 9 میں سی سی روڈ ڈرینج کیلئے 24 لاکھ سال 2018ء گنیش وسرجن انتظامات کیلئے 39.87 لاکھ، شجرکاری کیلئے 30 لاکھ 79 ہزار روپئے، کارپوریشن کی کونسل ہال کی نئی عمارت تعمیر کیلئے ایک کروڑ 90 لاکھ، ہنمکنڈہ مچھلی بازار کارپوریشن کی ایک ہزار اراضی پر برقی سب اسٹیشن کی تعمیر کیلئے این پی ڈی سی ایل کو اراضی حوالے کرنے کے تعلق سے قرارداد منظور کی گئی۔ دیگر ترقیاتی کاموں کے تعلق سے قراردادوں کی منظوری عمل میں لائی گئی۔ کارپوریٹرس نے آر اینڈ بی عہدیداروں پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے وقت پائپ لائن کو نقصان ہورہا ہے اور مقررہ وقت میں ہی تعمیری کاموں کی تکمیل کی جائے۔ اس موقع پر کمشنر روی کرن انجینئر محمد حبیب الدین، کارپوریٹرس رضوانہ شمیم، ڈی وجئے بھاسکر، کونڈو شریتا ریڈی، بوڈا دینا ، ثوبیہ، ابوبکر، بی سوامی اور دیگر کے علاوہ عہدیدار موجود تھے۔