ورنگل میں نقلی نکسلائیٹ کی ٹولی گرفتار 3 طفنچہ، 10تولہ سونا، 5 لاکھ روپئے نقد ضبط، پولیس کمشنر کا انکشاف

ورنگل۔/23جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل پولیس کمشنر ڈاکٹر وی رویندر کے بموجب ڈرا دھمکاکر رقم وصول کرنے والی نقلی نکسلائیٹ ٹولی کو پولیس نے گرفتار کیا۔ اس ٹولی کے پاس سے 3 طفنچہ، 10تولہ سونا، 5 لاکھ 56 ہزار 650 نقدی کے علاوہ11 سیل فون ضبط کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ای شنکر، جی سوامی کے ساتھ ملکر 2018 میں جنا شکتی کے پروگرام میں شرکت کی تھی بعد ازاں اسی دلم کے نام سے نقلی ٹولی بناکر دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر دلم کیلئے فنڈس جمع کرنے کا پروگرام بنایا۔ اس ٹولی کے ارکان نے یو ٹیوب دیکھ کر پستول بنایا اور ڈرا دھمکاکر رقم وصول کرنے لگے۔ شراب کی دوکانات کے مالک ان کا خاص نشانہ تھے۔ یہ ٹولی کوڈا کنڈلہ منڈل جنگاؤں میں وارداتیں انجام دینے لگی ۔ انہوں نے بتایا کہ اصل سازشی ای شنکر کونڈہ کنڈلہ منڈل جنگاؤں ، دیگر ساتھیوں میں ملیش ضلع نلگنڈہ، جی سوامی نلگنڈہ، پی سرینواس جنگاؤں، سی پرمیشور جنگاؤں، سی ویلپو نلگنڈہ کے ساتھ ملکر وارداتیں انجام دینے لگے ۔ یہ لوگ واردات انجام دینے کے بعد اپنے اپنے مقامات چلے جاتے تھے۔ پولیس ٹیم نے اس ٹولی پر خاص نظر رکھتے ہوئے تمام کو حراست میں لے کر تفتیش کرنے پر تمام تفصیلات بتائی۔ پولیس کمشنر نے اس ٹولی کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو مبارکباددی۔ ویسٹ زون ڈی پی سرینواس ریڈی، وردھنا پیٹ اے سی پی مدھو سدھن، ٹاسک فورس اے سی پی چکرورتی، پالاکورتی سرکل انسپکٹر پی رمیش ، کوڈلہ کنڈلہ ، پالا کورتی ایس آئی بابو ، ستیش، ٹاسک فورس ، سی سی ایس، آئی ٹی کو، سائبر پولیس اور مقامی پولیس عہدیداروں کو اس نقلی نکسلائیٹ ٹولی کی گرفتار کرنے پر کمشنر نے خصوصی طور پر ستائش کی۔