پٹرول بنک کی چھت اُڑ گئی ، قدیم اور بڑے بڑے درخت جڑ سے اُکھڑ گئے ، کسانوں کا زبردست نقصان
حیدرآباد۔ 3 مئی (شاہنواز بیگ) موسم کے درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی کے باعث ضلع ورنگل کے مختلف مقامات پر زبردست موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں سے کئی درخت سڑکوں پر گرجانے سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک درہم برہم ہوگئی۔ قاضی پیٹ کے افضل نگر علاقہ میں تیز ہواؤں سے کانگریس ڈیویژن 36 انچارج شاہنواز بیگ کی انڈوگو گاڑی نمبر AP119668 پر ایک بڑا درخت گرجانے سے گاڑی کو شدید نقصان ہوا اور کار کے تمام شیشے پھوٹ کر چور ہوگئے اور اسی طرح مزید دو اِننووا گاڑیوں پر درخت گرجانے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ورنگل اور ہنمکنڈہ میں بھی تیز ہواؤں سے برقی کھمبے مکانات پر گرنے سے کافی مالی نقصان ہونے کی بات سامنے آئی۔ ورنگل پولیس کمشنر رویندر کی صدارت میں ٹریفک عملہ فوری حرکت میں آتے ہوئے سڑکوں پر گرے درختوں کو ہٹاتا ہوا نظر آیا۔ ورنگل کے بلدیہ کارپوریشن کی جانب سے عدم دلچسپی سے عوام کو شدید مالی نقصان پہنچا اور اس پر کوئی بھی بلدیہ کے عہدیدار حرکت میں نہیں آئے۔ عوام نے مجلس بلدیہ پر ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ اگر بلدیہ کی لاپرواہی یوں ہی جاری رہی تو آئندہ دنوں میں کئی مکانات منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ عوام نے ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے عوامی مسائل کا حل نکالیں۔