ورنگل 24 مئی (ذریعہ فیاکس) حضرت سیدنا جلال الدین البحر، معشوق ربانیؒ کے 458 واں عرس شریف کے موقع پر ،حضرت سید شاہ عبدالروف قادری الجیلانی سجادہ نشین و متولی کے زیر نگرانی خانقاہ معشوقیہ، علاقہ گڑھی قدیم عرس جاگیر ضلع ورنگل میں جلسہ عظمت اولیاء کا انعقاد عمل میں آیا ۔ حضرت مولانا قاری الحاج شاہ محمد مبشر احمد رضوی القادری نے بحیثیت مہمان مقرر اپنے خطاب میں کہا کہ اولیاء اللہ ،ارکان کامل اور عمل صالح کی عظیم نعمت پر فائز ہیں، رسالت کا اختتام، محمد عربی ﷺ پر ہوا لیکن باب ولایت قیادت تک کھلا ہے،اولیاء اللہ ہر زمانہ میں موجود رہ کر گمراہوں کو ہدایت کا جام پلاتے ہیں جہاں اللہ والوں کا ذکر جمیل ہوتا ہے وہاں رحمت خداوندی کا نزول ہوتا ہے ۔مولانا محمد مبشر احمد رضوی القادری نے حضرت معشوق ربانی کی حیات بابرکت ،تعلیمات ،حسن اخلاق اور بے شمار کرامتوں کا اظہار کرتے ہوئے آپ ’’سبعہ قادریہ‘‘ میں ہیں آپ جامع الکرامات تھے نہ صرف آٖ سے بلکہ آپ کی اولاد مبارک کرامتوں کا صدور ہوا ۔ حضرت معشوق ربانی علیہ الرحمہ مستحباب الدعوات تھے۔ چنانچہ ورنگل میں شریک آوری پر ایک زمیندار اپنے نابینا لڑکے کو لیکر آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس کی بینائی بحال ہونے کیلئے بارگاہ سیدی میں معروضہ کیا ۔ آپ نے اپنا دست مبارک اس نابینا کے آنکھوں پر پھیرا تو فورا آنکھیں بینا ہوگئیں اس کرامت کو دیکھ کر کئی کافر،مشرف بہ ایمان ہوگئے ۔ مولانا حسام الدین، مفتی شرف الدین اور مولانا ادریس نے بھی خطاب کیا۔