ورنگل میں جلسہ استقبال رمضان کا اہتمام

سید شاہ مصطفی قادری کمال پاشاہ کی پریس کانفرنس
ورنگل /22 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جشن ولادت حضرت غوث اعظم دستگیر رحمۃ اللہ علیہ و جلسہ استقبال رمضان کی تیاریاں بڑے پیمانہ پر کی جا رہی ہیں۔ 25 جون کو بعد نماز عشاء حویلی عرس جاگیر ورنگل میں دسواں جشن ولادت حضرت غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ و جلسہ استقبال رمضان منعقد ہوگا۔ جناب سید شاہ مصطفی قادری کمال پاشاہ سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ قادر محی الدین قادری عرس جاگیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس جشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید شاہ محمد علی مرتضی قادری سجادہ نشین بارگاہ حضرت معشوقیہ عرس جاگیر، سید شاہ حیدر ہلال الدین قادری نوید بابا، مولانا غوث محی الدین، سید خواجہ ہادی الدین چشتی، حضرت ابوتراب قادری بندہ نوازی قدیری سجادہ نشین ہلکٹہ شریف، شیخ بشیر احمد نقشبندی چیرمین اسلامیہ ایجوکیشنل سوسائٹی ورنگل، جناب محمد علی، سید منور علی پرویز اور جناب محمد یوسف پر شرکت کریں گے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جلسہ میں مولانا سید محمد بہاء الدین زبیر جامعہ نظامیہ، مولانا شیخ احمد محی الدین قادری شرفی حیدرآباد، مولانا سید شرف الدین امام و خطیب مسجد معشوقیہ اور مولانا خواجہ جعفر العابدین رضوی مہتمم مدرسہ عربیہ جامعہ خیر العلوم کے خطابات ہوں گے۔ حیدرآباد کے علاوہ مقامی نعت خواں نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ علاوہ ازیں ختم قادریہ مجلس کے اراکین کی گلپوشی کی جائے گی اور سماجی و ملی خدمات انجام دینے والوں کو تہنیت کے علاوہ مومنٹوز پیش کئے جائیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں سید شعیب پاشاہ قادری، محمد فضل حسین، یحیی پاشاہ قادری، محمد عمر افتخاری، سید تاج الدین مشتاق معتمد بزم ابوالخیرات ہنمکنڈہ، سید افضل، سید رضا علی، سید متین اور دیگر موجود تھے۔ واضح رہے کہ جلسہ کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر خواجہ عزیز احمد عرسی انجام دیں گے اور بارش ہونے کی صورت میں جلسہ حویلی کے اندر منعقد ہوگا۔