ورنگل میں جاریہ سال جرائم میں کمی۔ پولیس پر عوام کا اعتماد بحال

پولیس کمشنر سدھیر بابو سے نمائندہ سیاست کی بات چیت
ورنگل۔/28ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس کمشنر ورنگل جی سدھیر بابو نے نمائندہ سیاست ورنگل ایم اے نعیم سے پولیس ہیڈکوارٹر میں ملاقات میں بتایا کہ سال2017 میں ورنگل کمشنریٹ حدود میں جرائم میں کافی حد تک کمی ہوئی ۔ فرینڈلی پولیسنگ کے تحت عوام اور پولیس کے درمیان دو ستانہ ماحول پیدا کیا گیا جس کی وجہ سے پولیس پر عوام کے اعتماد میں کافی حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ سال بھر ورنگل میں کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا ہے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے جرائم پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات روبہ عمل لائے گئے۔ کمشنر پولیس جی سدھیر بابو نے مزید بتایا کہ شہر میں سی سی کیمروں کی وجہ سے جرائم کی روک تھام میں کافی حد تک مدد ملی ہے۔ ہماری حفاظت پروگرام کے تحت کالونیوں اور گھروں کے اطراف سی سی کیمروں کو لگایا گیا ہے۔ گزشتہ کی بہ نسبت سال 2017 میں جرائم کے واقعات میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے۔ عوام کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروانے کے واقعات میں بھی کمی ہوئی ہے۔ سال 2015 میں 10 ہزار 603 ایف آئی آر درج ہوئے تھے ۔سال 2016 میں 8ہزار 49 جبکہ سال 2017 میں 8ہزار 817 کیس درج رجسٹر ہوچکے۔ آئی پی سی 498 کے تحت 346 کیس درج کئے گئے۔ ایس ٹی، ایس سی کیسیس میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال 50 قتل کے واقعات رونما ہوئے تھے۔ جاریہ سال 48 قتل کے واقعات ہوئے۔ جائیدادوں کے جھگڑوں کے 408 کیس درج ہوئے۔ سڑک حادثات میں گزشتہ سال 11ہزار 48 واقعات ہوئے جبکہ جاریہ سال10 ہزار 26 اغوا کے معاملوں میں گزشتہ سال 65 کیس درج رجسٹر ہوئے تھے۔ جاریہ سال 40 کیس درج ہوئے۔ شراب پی کر گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 685 افراد کو جیل کی سزا دی گئی۔ پولیس کمشنر جی سدھیر بابو نے عوام سے اپیل کی کہ سال نو کا جشن پرامن طریقہ سے منائیں۔ غیر ضروری سڑکوں پر نہ گھومیں، شراب نوشی کے بعد گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام کو چاہیئے کہ کہیں بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے پر فوری پولیس کو اطلاع دیں اور آجکل بینک کھاتوں کی جانکاری کیلئے فون آرہے ہیں، آدھار نمبر، اے ٹی ایم نمبر، پوچھا جارہا ہے اس سلسلہ میں احتیاط سے رہیں۔ کسی کو بھی فون پر معلومات فراہم نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عصری تقاضوں کے تحت پولیس ملازمین کو تربیت دی جارہی ہے۔ شہر ورنگل کو پرامن بنائے رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے جہاں تک ہوسکے پولیس عوام کی مدد اور حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔