ورنگل 20 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل، کھمم، نلگنڈہ اضلاع میں قانون ساز کونسل گرائجویٹ زمرے کی پولنگ 22 مارچ کو منعقد ہوگی جس کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ ضلع ورنگل میں 99 پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ گریجویٹ حلقہ کے انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی کے امیداور اور آزاد امیدواروں کی جملہ تعداد 22 ہے۔ ورنگل میں ایک لاکھ چار ہزار 364 ووٹروں کیلئے 99 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ کھمم کے 84 ہزار 284 ووٹرس کے لئے 79 اور ضلع نلگنڈہ کے 92 ہزار 490 گرائجویٹ ووٹرس کے لئے 95 پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس امیدوار پی راجیشور ریڈی، بی جے پی امیدوار رام موہن راؤ، کمیونسٹ امیدوار پربھاکر ریڈی کے علاوہ دوسرے امیدوار اپنی انتخابی مہم میں ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے ورنگل میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کے اعلیٰ قائدین انتخابی مہم میں حصہ لیا ہے۔ ٹی آر ایس امیدوار پی راجیشور ریڈی کی انتخابی مہم ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری، سی ایم او رکن اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر، پرائیوٹ کالجس مینجمنٹ اسوسی ایشن اسوسی ایٹ صدر سندر راج اور خواجہ حسن شریف کے علاوہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی دن رات محنت کررہے ہیں جبکہ بی جے پی امیدوار رام موہن راؤ کی انتخابی مہم ورنگل کی نگرانی سابق میئر ٹی راجیشور راؤ کررہے ہیں۔ بی جے پی کی انتخابی مہم میں مرکزی وزراء کے ساتھ ساتھ ریاستی صدر کشن ریڈی زبردست انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ حلقہ گریجویٹ کے انتخابات میں امیدوار، سوشیل میڈیا کا بھرپور استعمال کررہے ہیں۔ فیس بُک، واٹس آپ، ایس ایم ایس، فون کال کے ذریعہ اپنے اپنے حق میں ووٹرس کو راغب کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ٹی آر ایس امیدوار پی راجیشور ریڈی کو سرکاری ملازمین کی یونین، مختلف سنگموں، گرائجویٹ اسوسی ایشن کی بھرپور تائید حاصل ہے۔ ٹی آر ایس گرائجویٹ امیدوار پی راجیشور ریڈی کہہ رہے ہیں کہ انھیں کامیاب بنانے پر وہ گریجویٹس کے مسائل کی یکسوئی کے لئے ہرممکن قدم اُٹھائیں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر حیدرآباد کے بعد ورنگل کو دوسرے بڑے شہر کی حیثیت سے ترقی دینے کوشاں ہیں۔ جبکہ کانگریس پارٹی امیدوار ٹی ملنا ہیں۔ ان کی انتخابی مہم سابق ٹی پی سی سی صدر پنالہ لکشمیا چلارہے ہیں۔ ورنگل کے اقلیتی قائدین ٹی آر ایس پارٹی کے جن میں محمد ابوبکر سابق فلور لیڈر ورنگل میونسپل کارپوریشن، ایم اے قدوس، محمد سراج الدین و دیگر تمام اقلیتی قائدین مسلمانوں کے متحدہ ووٹ ٹی آر ایس امیدوار ایل راجیشور ریڈی کے حق میں استعمال ہونے کیلئے مسلم اقلیت کے کئی ایک اجلاس منعقد کئے اور انھیں مسلم ووٹرس کی بھرپور تائید بھی حاصل ہورہی ہے۔