ورنگل میں انجینئرنگ کے 5 طلبہ غرقاب

ورنگل ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ورنگل دھرما ساگر ریزروائر میں 5 طلبہ کی موت واقع ہوگئی ۔ واگ دیوی انجینئرنگ کالج بوئی کنٹہ ورنگل کے طلبہ پکنک منانے کے لیے دھرما ساگر گئے کیوں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی صدر امیت شاہ کے ورنگل دورہ کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ نے کالج میں تعطیل کا اعلان کیا تھا ۔ مرنے والوں میں سگے بھائی بہن بھی شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق واگ دیوی انجینئرنگ کالج کو آج تعطیل دینے پر یہ طلبہ پکنک منانے کے لیے ساتھیوں کے ساتھ دھرما ساگر گئے بتایا جاتا ہے کہ سیلفی فوٹو لینے کے دوران پیر پھسل کر تالاب میں گر گئے ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں 5 افراد غرقاب ہوگئے جن میں پی وینودنا 18 سال اور اس کابھائی پلونینی شیوا ، سائی کرشنا ( 20 ) ، پی شراویا ریڈی 19 سال ، کرنئے شیوا سائی اور سری نیدی شامل ہیں ۔ 4 طلبہ کی نعش کو باہر نکالا گیا ۔