ورنگل میں آج جلوس فیضان غوث اعظم دستگیر

ورنگل۔/27جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عبدالباسط طاہر صدر مرکزی جھنڈا کمیٹی ورنگل کے بموجب 28جنوری کو 71واں سالانہ جشن غوث اعظم دستگیر کا اہتمام کیا گیا ہے۔ منڈی بازار ( غوث چوک ) سے مرکزی نشان غوث اعظم دستگیر نکالا جائے گا۔ بعد عصر نکالا جانے والا جلوس نشان پاک میں مہاراشٹرا سے دف کی ٹیم کو مدعو کیا گیا ہے۔ مرکزی جھنڈا کمیٹی منڈی بازار ورنگل کی جانب سے نکالے جانے والے جلوس منڈی بازار پوچماں میدان، ایلم بازار، مولا علی،قاسم دول، شیر پورہ و دیگر محلہ جات سے گذر کر نشان غوث اعظم دستگیر منڈی بازار ( غوث چوک ) پہونچے گا۔28جنوری صبح 7 بجے لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے۔ رات 9بجے محفل سماع منعقد ہوگی جس میں احسان بندہ نوازی وہمنوا نعتیہ کلام سنائیں گے۔ مرکزی جھنڈا کمیٹی منڈی بازار ورنگل کی جانب سے منعقدہ تقاریب میں حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی ( خسرو پاشاہ ) سجادہ نشین درگاہ سید شاہ افضل بیابانی قاضی پیٹ ورنگل، مولانا سید شاہ حیدر ہلال الدین قادری ( نوید پاشاہ ) سجادہ نشین درگاہ حضرت معشوق ربانی عرس جاگیر ورنگل، مولانا سید شاہ مصطفے قادری کمال پاشاہ، حویلی عرس جاگیر ورنگل شرکت کریں گے۔ جناب عبدالباسط طاہر نے بتایا کہ اس تقریب میں شہر کے سیاسی، سماجی و دیگر سرکاری عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے۔