ورنگل میں آئی اے ایس کوچنگ کیلئے اہلیتی ٹسٹ کا انعقاد

ورنگل۔24 نومبر (ای۔میل) اقلیتی مرکز برائے تعلیم و ترقی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انیس صدیقی کے بیان کے مطابق اسلامیہ ڈگری کالج ورنگل میں اقلیتی طلباء و طالبات کی بہبودی تعلیم و تدریسی رہنمائی کی خاطر آئی اے ایس کی فری کوچنگ سے متعلق اہلیتی ٹسٹ کا انعقاد عمل میں آیا۔ سابق میں اس اہلیتی ٹسٹ کا مرکز حیدرآباد مقرر کیا جاتا رہا ہے لیکن گزشتہ سال سے موثر نمائندگی کی بدولت اس ٹسٹ کو شہر ورنگل کی سطح پر بھی منعقد کیا جارہا ہے۔ آئی اے ایس کا یہ اقلیتی اہلیتی ٹسٹ، اقلیتی مرکز برائے تعلیم و ترقی، نظام کالج حیدرآباد کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے جس میں تمام اہل امیدواروں کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے۔ پرنسپل اسلامیہ ڈگری کالج ڈاکٹر کوکب علی کے مطابق اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے تمام طلباء و طالبات کیلئے یہ ایک سنہری موقع ہے جس کی بدولت تمام اہل امیدواروں کو فی کس ایک لاکھ سے زائد روپیوں کا خرچہ کرتے ہوئے نیز تمام تر سہولتیں فراہم کرتے ہوئے حیدرآباد کی سطح پر ملت کا درد رکھتے ہوئے مفت کوچنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس فری کوچنگ سے متعلق اقلیتی ٹسٹ کے انعقاد میں جناب عظمت اللہ خاں سپرنٹنڈنٹ اور جناب اسمعیل ذبیح نمائندہ سیاست کے علاوہ محمد عبدالنعیم نمائندہ سیاست کا بھرپور تعاون رہا۔ اقلیتوں کی رہنمائی و ترقی سے متعلق اس قسم کے اہلیتی ٹسٹ کا انعقاد اقلیتوں میں مسابقتی رجحان پیدا کرتا ہے۔ تمام مسابقتی اہلیتی امتحانوں میں بالخصوص مسلم اقلیت کے فیصد میں کمی کی دراصل وجہ لاعلمی، عدم دلچسپی اور رہنمائی و رہبری کی کمی ہے۔ اقلیتی مرکز برائے ترقی اس معاملے میں ایک مثبت اقدام تصور کیا جاتا ہے۔