ورنگل سے مسلم امیدوار کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ

مسلم یوتھ کے عہدیداران کی پریس کانفرنس

ورنگل /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسلم یوتھ ورنگل کی جانب سے پریس کلب ورنگل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد مشرف الدین ، مولانا حسام الدین ، سید سمیع ا للہ حسینی ، محمد پرویز خان و دیگر نے کے چندر شیکھر راؤ صدر ٹی آر ایس سے مطالبہ کیا کہ ورنگل سے کسی ایک مسلم امیدوار کو پارٹی کا ٹکٹ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے 105 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جن میں صرف 2 مسلم امیدواروں کے نام شامل ہیں جبکہ تلنگانہ میں 50 لاکھ سے زائد مسلم آبادی ہے ۔ آبادی کے حساب سے مسلم کی انتہائی کم نمائندگی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ جاری ہونے والی فہرست میں مزید مسلم امیدواروں کو پارٹی سے ٹکٹ دیا جائے ۔ مسلمانوں کو ہر سیاسی پارٹی نظر انداز کر رہی ہے ۔ انتخابات کے وقت تمام سیاسی پارٹیوں کی نظر مسلم ووٹرس پر لگی ہوئی ہوتی ہے ۔ لیکن پارٹی ٹکٹ دینے کا وقت آتے ہی سب مسلمانوں کو نظر انداز کر رہے ہیں ۔ سیاسی پارٹیاں سیکولرازم کی بات کرتے تھکتے نہیں ۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ ٹکٹوں کے معاملے میں مسلسل مسلمانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل ( مشرق ) اسمبلی حلقہ میں 50 ہزار سے زائد ہے ہم سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کرتے ہیںکہ ورنگل سے ایک مسلم امیدوار کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے ۔ اس موقع پر محمد الطاف حسین ، محمد رشید ، محمد یعقوب ، حافظ کرار احمد ، حافظ نوید احمد اور دیگر موجود تھے ۔ بعد جمعہ جھنڈا غوث اعظم دستگیر منڈی بازار غوث چوک کے پاس مسلم نوجوانوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ٹھامے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی سے مسلم امیدوار کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا ۔