ورلڈ T20: ہند۔پاک میچ نیوٹرل مقام پر ہونا چاہئے : مانی

کراچی ؍ لاہور ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا ہے کہ ہندوستان کے خلاف اپنا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچ 19 مارچ کو دھرم شالہ میں نہ کھیلیں ۔ مانی نے گزشتہ روز ڈان نیوز چینل کو بتایا کہ پی سی بی کو دھرم شالہ میں پاکستان کو کھیلنے کی اجازت نہ دینے سے متعلق ریاستی حکام کی جانب سے متنازعہ بیان پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میںپاکستان اورہندوستان کا میچ نیوٹرل مقام پر ہونا چاہئے  اور پی سی بی کو ہندوستان میں سکیورٹی خدشات کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ایک انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی کو نیشنل ٹیم کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ آفیشلز اور میڈیا کے نمائندے بھی غیر محفوظ ہوں گے۔ آئی سی سی کے سابق صدر نے کہا کہ پاکستان نے روایتی حریف کے ساتھ کرکٹ تعلقات بہتر بنانے کیلئے لچکدار موقف اختیار کیا لیکن موجودہ ماحول میں پاکستانی ٹیم کو ہندوستان بھیجنا خطرے سے خالی نہیں ہو گا۔ احسان مانی نے دعویٰ کیا کہ اگر آسٹریلیا کی ٹیم کو ایسی دھمکیاں دی جاتیں تو وہ اب تک میچ کھیلنے سے انکار کر چکے ہوتے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا نے رواں سال کے اوائل بنگلہ دیش میں آئی سی سی یوتھ ورلڈ کپ سے اسی بنیاد پر دستبرداری اختیار کرلی تھی کہ وہاں اُن کے کھلاڑیوں کی سکیورٹی کی طمانیت حاصل نہیں ہوئی تھی ۔ احسان مانی نے کہاکہ پی سی بی کو بھی دھرم شالہ میں نہ کھیلنے کے تعلق سے اپنا موقف نہایت واضح کردینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ آئی سی سی ایونٹ ہے ۔ پی سی بی کے ذرائع نے کہا کہ ششانک منوہر اور شہریارخان نے گزشتہ روز متبادل مقامات پر غور و خوض کیالیکن کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ پائے ۔