نئی دہلی۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کی ابھرتی باکسر جمنا بورو نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے بلغاریہ کے مقام صوفیہ میں رواں ورلڈ یوتھ چمپین شپ کے پری کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ جمنا نے اپنی حریف نیٹ سیکی موفالالی کے خلاف 57 کلوگرام زمرہ کے فیدر ویٹ مقابلے میں ٹیکنیکل ناک آؤٹ کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کامیابی کے بعد جمنا کا پری کوارٹر فائنل مقابلے میں سامنا یوکرین کی انہیلینا اور آذربائجان کی مریم کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلے کی فاتح باکسر سے ہوگا۔
مرد زمرے میں بھی ہندوستانی باکسروں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جیسا کہ 60 کلوگرام زمرہ میں سندیپ کمار نے رالفس اسمانس کو 3-0 سے شکست دی اور آئندہ مرحلہ میں ان کا مقابلہ چیک جمہوریائی باکسر لوکاس ڈیکس سے ہوگا۔ قبل ازیں ایشین سلور میڈلسٹ گورو سولنکی نے 52 کیلو گرام زمرے میں اور نیل کمل سنگھ نے 75 کلوگرام زمرے میں پہلے مرحلہ کا بائی ملنے کی وجہ سے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔