ورلڈ کپ 2022 مئی جون میں کروایا جائے:یورپین کلبز

لندن ۔19 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) یورپین کلب اسوسی ایشن اوریورپین پرفیشنل فٹبال لیگز نے فیفا کو 2022قطر فٹبال ورلڈ کپ کو مئی اور جون میں کرانے کی سفارشات پیش کیں ہیں۔یورپین کلب اسوسی ایشن ( ای سی اے) اوریورپین پرفیشنل فٹبال لیگز( ای پی ایف ایل)نے مطالبہ کیا ہے کہ قطر فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد سردی کی بجائے5مئی تا4 جون تک کیا جائے۔ اس حوالے سے انہوں نے فیفا کو سفارشات پیش کردی ہیں تاہم اس کا حتمی فیصلہ مارچ 2015 تک متوقع ہے۔ واضح رہے کہ فیفا نے گزشتہ ماہ 2022ورلڈ کپ جنوری اور فروری میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔دریں اثنامائیکل گارشیافیفا اخلاقیات تفتیش کار کے طور پر مستعفی ہوگئے۔ مائیکل گارشیا نے فیفا کوقطر

اور روس 2018 اور 2022 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے حوالے سے بدعنوانی کی رپورٹ پیش کی تھی تاہم فیفا نے ان کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے 2018 اور 2022 کے ورلڈ کپ کا انعقاد روس اورقطر میں کرانے کا تیقن دیاہے۔واضح رہیکہ فیفا کی جانب سے 2022ء ورلڈ کپ کی میزبانی قطر کو دیئے جانے سے ہی یوروپی یونین اور فٹبال کلبس کی مخالفت کا آغاز ہوچکا ہے۔ نیز ہر گذرتے وقت کے ساتھ قطر کی میزبانی پر مختلف الزامات بھی لگائے جارہے ہیں۔ قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد میں حریف ممالک جتنی رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں فیفا ان تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے قطر کی میزبانی کو برقرار رکھ رہا ہے۔