ورلڈ کپ 2019 کے بعد رچرڈسن کا سبکدوشی کا فیصلہ

دبئی۔4 جولائی(سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے آئندہ برس ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔نیوزی لینڈ کے سابق وکٹ کیپر ڈیو رچرڈسن 2002 میں بطور آئی سی سی جنرل مینیجر گورننگ باڈی کا حصہ بنے تھے اور2012 میں ہارون لورگاٹ کے مستعفی ہونے کے بعد وہ گزشتہ 6 برس سے بحیثیت آئی سی سی چیف ایگزیکٹو خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہیں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی سے قبل 42 ٹسٹ اور 122 ونڈے میچوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔اپنے ایک بیان میں رچرڈسن نے کہا کہ میں گزشتہ 16 برس سے آئی سی سی کے ساتھ اپنے کام سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور کیریئر کے دوران آئی سی سی بورڈ اراکین نے بہت تعاون کیا جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔کرکٹر ہونے کی حیثیت سے جانتا ہوں کہ سبکدوشی کے وقت کا تعین کرنا سب سے مشکل کام ہوتا ہے اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈ کپ کے بعد اس عہدے کو چھوڑ دینا صحیح وقت ہو گا۔کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیئرمین ششانک منوہر نے آئی سی سی بورڈ کی جانب سے گورننگ باڈی کے لیے خدمات پر رچرڈسن کا شکریہ ادا کیا۔ششانک منوہر نے کہا کہ رچرڈسن نے دنیا بھر میں کرکٹ کی ترقی کے لیے جو کام کیا وہ قابل ستائش ہے اور ہر کوئی ان کی کمی محسوس کرے گا۔