ورلڈ کپ ‘پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 29 رنوں سے شکست دیدی

آکلینڈ 7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ابتدائی شکستوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھا ہے اور اس نے نسبتا طاقتور سمجھی جانے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 29 رنوں سے شکست دیدی ۔ پول بی کا یہ میچ سنسنی خیز بھی رہا ۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ بارش وجہ سے رکاوٹ کے بعد پاکستان کی اننگز 46.4 اوورس میں 222 رن بناکر سمٹ گئی تھی ۔ اس اسکور میں بھی کپتان مصباح الحق کی صبر آزما نصف سنچری شامل تھی جنہوں نے 56 رن بنائے تھے ۔ ساتھ ہی اس میچ میں پاکستان کیلئے اپنا پہلا میچ کھیل رہے سرفراز احمد نے بھی 49 گیندوں میں 49 رن بناکر اپنی ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کی تھی ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 33.3 اوورس میں 202 رن بناکر آوٹ ہوگئی ۔ 47 اوورس کے میچ میں پاکستان نے شروعات ٹھیک نہیں کی تھی ۔ سرفراز احمد نے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 49 رن بنائے تھے اور رن آوٹ ہوگئے ۔ دوسرے اوپنر احمد شہزاد صرف 18 رن بناکر اباٹ کی گیند پر اسٹین کو کیچ دے کر آوٹ ہوگئے ۔ یونس خان نے 44 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 37 رن بنائے اور انہیں ڈی ولئیرس کی گیند پر روسو نے کیچ کیا ۔ کپتان مصباح الحق نے ایک بار پھر صبر آزما اننگز کھیلی ۔ انہوں نے 86 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 56 رن بنائے ۔ تھے اسٹین کی گیند پر مصباح کا کیچ مورکل نے لیا ۔ صہیب مقصود آٹھ رن بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ عمر اکمل آج بھی ناکام رہے ۔ انہوں نے 20 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 13 رن بنائے تھے ۔ صہیب کو اباٹ کی گیند پر روسو نے کیچ کیا جبکہ عمر اکمل مورکل کی گیند پر ڈی ولئیرس کو کیچ دے بیٹھے ۔ شاہد آفریدی نے 15 گیندوں میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رن بنائے ۔ اسٹین کی گیند پر ڈومنی نے ان کا کیچ لیا تھا ۔

وہاب ریاض صفر پر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ‘سہیل خان تین رن بناکر مورکل کی گیند پر ڈومنی کو کیچ دے بیٹھے ۔ راحت علی ایک رن بناکر اسٹین کی گیند پر عمران طاہر کو کیچ دے بیٹھے ۔ جنوبی افریقہ کیلئے ڈیل اسٹین نے تین ‘ اباٹ اور مورکل نے دو دو اور عمران طاہر و اے بی ڈی ولئیرس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں افریقہ کی شروعات ناقص رہی جب ڈی کاک اپنی دوسری ہی گیند پر محمد عرفان کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے ۔ ہاشم آملہ نے 27 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 38 رن بنائے تاہم وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد نے کیچ آوٹ کردیا ۔

ڈو پلیسی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹک سکے اور 27 رن بنا کر راحت علی کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے ۔ روسو نے صرف 6 رن بنائے تھے ۔ وہاب ریاض کی گیند پر سہیل خان نے ان کا کیچ لیا ۔ یہاں کپتان اے بی ڈی ولئیرس نے تنہا ذمہ داری سنبھالی اور انہوں نے 58 گیندوں میں پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 77 رن بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہیں دلاسکے ۔ سہیل خان کی گیند پر سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا ۔ ڈیوڈ ملر کو صفر کے اسکور پر راحت علی نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا جبکہ جے پی ڈومنی کو محمد عرفان نے وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا ۔ ڈومینی نے 12 رن بنائے تھے ۔ ڈیل اسٹین 16 رن بناکر محمد عرفان کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے ۔ اباٹ 12 رن بناکر محمد عرفان کا تیسرا شکار بنے ۔ مورکل 6 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ عمران طاہر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے ۔ جنوبی افریقہ 202 رن بناکر آوٹ ہوگئی ۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان ‘ راحت علی اور وہاب ریاض نے تین تین وکٹس لئے جبکہ سہیل خان کو ایک وکٹ مل سکی ۔ پاکستان کے سرفراز احمد کو 49 رن اور وکٹ کے پیچھے 6 کیچس لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ ابتدائی دو شکستوں کے بعد پاکستان کی یہ مسلسل تیسری کامیابی تھی اور اس کے کوارٹر فائنلس میں پہونچنے کے امکانات برقرار ہیں۔