دبئی۔29جنوری( سیاست ڈاٹ کام)ورلڈ کپ کے فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے آئی سی سی نے خطابی مقابلے میں سوپر اوور کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے ۔ دبئی میں آئی سی سی کے ہیڈ کوارٹر میں صدر این سرینواسن کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ورلڈ کپ کو کامیاب اور بہتر انداز میں منعقد کرنے کیلئے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں جس میں سست اوورس کی تکمیل کے متعلق چند لچکدار فیصلے ہوئے ۔ ورلڈ کپ کے دوران کپتانوں پر سست اوور ریٹ پر مختلف پابندیاں اور جرمانے عائد نہیں ہوں گے لیکن ایک مقررہ حد سے زیادہ وقت استعمال کرنے پر کپتان کو ورلڈ کپ کے مقابلے میں شرکت سے روک دیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں ورلڈ کپ سے قبل اگر کسی کپتان پر اوور ریٹ کی وجہ سے پابندی عائد ہوتی ہے تو اس پابندی کا اطلاق ورلڈ کپ میں نہیں ہوگا ۔