نئی دہلی ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو کولکاتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنس میں سابق دو چمپینس ٹیموں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان منعقد شدنی ہے جس میں یقینی طورپر کوئی ایک ٹیم دوسری مرتبہ عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کرے گی لیکن ورلڈ کپ کے اختتام سے قبل ہندوستان میں کھیلے جارہے اس ٹورنمنٹ میں شائقین کی دلچسپی کا اور ٹوئنٹی 20 مقابلے میں ہر وقت بدلتے حالات سے خود کو واقف رکھنے کی چاہت کااندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسمارٹ ڈیوائسیز پر ورلڈ کپ مقابلوں کے مشاہدہ کیلئے ڈاؤن لوڈ کئے جانے والے اپلی کیشنس میں 450 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ 9 ایپس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کنٹری منیجر ابراہم پوپاٹ نے کہا کہ مذکورہ ایپس شائقین میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کئے جانے والا ایپس رہا کیونکہ ہندوستانی صارفین کے اسمارٹ ڈیوائیسیز استعمال کرنے کے طریقے سے یہ خود کو ہم آہنگ کرتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے مقابلے کیلئے سب سے زیادہ ایپس ڈاؤن لوڈ کئے گئے ۔ شائقین نے جن ایپس کو اپنی پہلی پسند بنایا ان میں ہاٹ اسٹار ، کرکٹ ٹی ٹوئنٹی 2016 لائیو ٹی وی اور کرک بز شامل ہیں۔