ورلڈ کپ کی کامیابی سے ناقدین کے منہ بند : صدر برازیل

براسیلیا 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) برازیل کے صدر ڈلما روسیف نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2014 کے کامیاب انعقاد سے ناقدین کے منہ بند ہوگئے ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ یہاں ٹورنمنٹ کے دوران غیر یقینی کیفیت رہے گی ‘ مظاہرے ہونگے اور تشدد ہوگا ۔ دفتر خارجہ میں ایک اجلاس کے دوران مسٹر ڈلما نے کہا کہ جس انداز میں ورلڈ کپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے اس پر اب کوئی بھی تنقید کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برازیل ایک باشعور ملک ہے اور میدان پر جو کچھ ہوتا ہے وہ میدان تک رہتا ہے ۔برازیل میں ہماری روایت ہے کہ فٹبال اور سیاست یکجا نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کے خلاف برازیل کی 7 – 1 سے شکست کو قبول کرنا حالانکہ مشکل تھا لیکن یہ حقیقت تھی اورا سکو قبول کرنا پڑتا ہے ۔