ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کا 12 فبروری کو انعقاد

ملبورن 6 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کی افتتاحی تقریب آسٹریلیا کے شہر ملبورن اور نیوزی لینڈ کے شہر کرسٹ چرچ میں مشترکہ طور پر 12 فبروری کو منعقد ہوگی اور اس افتتاح تقریب میں شرکت کیلئے موجودہ کھلاڑیوں کے علاوہ سابق کھلاڑیوں نے بھی تیاری مکمل کر رکھی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب کرسٹ چرچ میں منعقد شدنی تقریب ایک مفت اجلاس ہوگا جہاں کھلاڑیوں کے دوست احباب اور افراد خاندان شرکت کرسکیں گے ۔ افتتاحی تقریب میں نیوزی لینڈ کے موجودہ کپتان برینڈن مکالم کے علاوہ سابق کپتان اسٹیفن فلیمنگ ‘ سررچرڈ ہیڈلی شرکت کررہے ہیں جبکہ ملک سے تعلق رکھنے والے فنکار جینی بلاکمور اور ہیلے ویسٹرنرا اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ ملبورن میں بھی ایک شاندار افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں جہاں کلچرل اور موسیقی کا ایک شاندار پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس میں دم بخود کردینے والی آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا ۔ اس تقریب میں آسٹریلیا کے ورلڈ کپ فتوحات کے سابق کھلاڑیوں کے علاوہ موجودہ کھلاڑی بھی شامل رہیں گے ۔کرسٹ چرچ اور ملبورن میں منعقد شدنی افتتاحی تقاریب کا ساری دنیا میں راست مشاہدہ کیا جاسکتا ہے چونکہ اسٹار اسپورٹس پر افتتاحی تقاریب کے علاوہ ورلڈ کپ کے مقابلے بھی راست نشر کئے جارہے ہیں۔