ڈھاکہ ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 2015ء کیلئے 15 رکنی بنگلہ دیشی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ معلنہ بنگلہ دیشی ٹیم میں حیران کن شمولیت آل راؤنڈر سومیا سرکار ہیں۔ مشرف مرتضی کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے جبکہ شکیب الحسن ان کے نائب ہوں گے۔ بنگلہ دیشی سلیکٹروں نے معلنہ 15 رکنی ٹیم کو متوازن کرنے کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کے علاوہ تجربہ کار کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔ ٹیم نے 5 مخصوص بیٹسمین، 6 مخصوص بولرس کے علاوہ تین آل راؤنڈر اور ایک وکٹ کیپر کو شامل کیا ہے۔ بنگلہ دیشی 24 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگی اور 17 فروری کو وہ ورلڈ کپ مہم کا آغاز افغانستان کے خلاف پہلے مقابلے سے کرے گی۔