ورلڈ کپ کیلئے پاکستان اسکواڈ میں جونیرس کی شمولیت

کراچی۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ورلڈ کپ کرکٹ کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ میچ جیتنے والے آف اسپنرس سعید اجمل پر ان کے غیرقانونی بولنگ ایکشن کے سبب امتناع کے پیش نظر پاکستان نے اپنے اسکورڈ میں پانچ پیس بولرس اور 2 اسپنرس کو شامل کیا ہے۔ 14 فروری تا 29 مارچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے اس ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں پاکستان کو بھی اس کوالیفائنگ گروپ میں رکھا گیا ہے جس میں ہندوستان بھی موجود ہے۔ سلیکٹرس نے سینئر کھلاڑیوں جیسے شعیب ملک، کامران اکمل اور محمد سمیع کے بجائے نوجوان ٹیم پر بھروسہ کیا ہے جس میں محمد عرفان، جنید خاں، احسان عادل، سہیل خان، وہاب ریاض کے علاوہ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی یاسر شاہ اور شاہد آفریدی جیسے دو اسپنرس ہیں۔ سعید اجمل جنہوں نے 2009ء کے مقابلوں کے دوران کھیل کے تمام تین محاذوں پر پاکستان کی قیادت کی تھی لیکن بولنگ ٹسٹ میں ناکامی کے بعد گزشتہ سال ستمبر میں معطل کردیئے گئے تھے، جس کے بعد سعید اجمل نے یہ کہتے ہوئے ٹیم سے دوری اختیار کرلی تھی کہ ان کا ایکشن تبدیل کرتے ہوئے بولنگ کے اثر کو گھٹایا جارہا ہے۔ چھ رکنی سلیکشن کمیٹی نے کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے کراچی میں تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد پاکستان کرکٹ مہم جوئی کی قیادت کیلئے سینئر کھلاڑیوں کے بجائے نوجوان جونیرس پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اسکواڈ کے 15 ارکان میں بیٹسمین شعیب مقصود اور حارث سہیل کے علاوہ بولرس جنید خاں، محمد عرفان، سہیل خاں، احسان عادل اور یاسر شاہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلوں گے۔ چیف سلیکٹر معین خاں نے کہا کہ ہم نے شخصی بنیادوں پر نہیں بلکہ کھیل کی بنیادوں پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سہیل خاں تاحال صرف 2 ٹسٹ میچ اور پانچ ونڈے انٹرنیشنلس کھیلے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2011 کے دوران زمبابوے میں پاکستان کیلئے کھیلا تھا۔ سہیل نے کراچی میں گزشتہ روز کھیلے گئے پنٹا سنگلز کپ کے ایک میچ میں 6 وکٹس حاصل کیا تھا۔