ورلڈ کپ کیلئے ٹیم ابھی تیار نہیں:کوہلی

لیڈز۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں شکست اور ورلڈ کپ کی تیاری کے ضمن میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ اعتراف کرنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کرتا کہ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ کے لئے تیار نہیں۔انگلینڈ کیخلاف ونڈے سیریز میں شکست اور ورلڈ کپ کے تعلق سے کوہلی نے کہا اس سیریز کے دوران ٹیم کی بہت سی کمزوریاں سامنے آئی ہیں اور ہمیں ان سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ خو ش قسمتی سے ہمارے پاس اتنا وقت ہے کہ ہم خامیوں سے پیچھا چھڑائیں لیکن اس کے لئے بہت محنت کی ضرورت ہوگی۔تین دنوں میں دوسری بڑی شکست نے ثابت کردیا کہ صورتحال ٹھیک نہیں اورآئندہ 12ماہ کے دوران ہمیں اپنی کارکردگی ورلڈ کپ کے معیار تک لانی ہوگی کیونکہ اس وقت جو صورتحال ہے اس میں مجھے یہی کہنا پڑرہا ہے کہ ہم ابھی میگا ایونٹ کے لئے تیار نہیں۔ ہندوستانی کپتان نے ٹیم کی کمزوریوں کا کھل کر ذکر کرنے سے گریز کیا اور اشاروں کنایوں میں بات کی لیکن تیسرے اور فیصلہ کن میچ کے دوران مہمان ٹیم کھیل کے تینوں شعبوں میں بری طرح ناکام نظر آئی۔ ہندوستانی اسپنر کلد یپ یادو کے خلاف انگلش بیٹسمینوں نے جس انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے انہیں ناکامی سے دوچار کیا وہ کپتان اور ٹیم انتظامیہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔کوہلی نے کہا ایسی ناکامیوں کی ایک اچھی بات یہ ہوتی ہے کہ ہمیں اپنی ان کمزوریوں کا پتہ چل جاتا ہے جو عام طور پر کامیابیوں کی وجہ سے پوشیدہ رہتی ہیں۔ ٹیم کے بیٹنگ کوچ سنجے بانگر بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں ورلڈ کپ سے قبل15-16ون ڈے میچ کھیلنے ہیں ۔