ورلڈ کپ کوالیفائرس میں آج ہندوستان کو عمان کا چیلنج

بنگلور ۔10جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فٹبال ٹیم جو کہ کل یہاں 2018ء فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائر مقابلہ میں عمان کی میزبانی کررہی ہے لیکن اس مقابلہ میں میزبان ٹیم کو ایک سخت چیلنج درپیش رہے گا ۔ ہندوستانی فٹبال ٹیم جس نے انگلش کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن سرپرستی میں بہتر مظاہرے کئے ہیں جیسا کہ اس سنے مارچ میں منعقدہ اپنے مقابلہ میں نیپال کو دو گول کے فرق سے شکست دی ہے لیکن ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہمراہ کوچ بھی اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ عمان کو شکست دینے کیلئے میزبان ٹیم کو بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ فیفا کی عالمی درجہ بندی میں عمان 101ویں مقام پر فائز ہے اور وہ ہندوستان سے 40مقامات آگے ہی موجود ہے۔ ہندوستانی ٹیم ارناب منڈل کی قیادت میں میدان سنبھالے گی ۔ عمان کے خلاف کھیلے جانے والے اس اہم مقابلہ کیلئے ہندوستانی ٹیم کافی سخت محنت کررہی ہے جیسا کہ اُس نے گذشتہ ہفتہ معروف ٹرینر ویگور کی سرپرستی میں کافی محنت کی ہے جب کہ ٹیم کے کیمپ کو ہندوستانی فوجی ٹریننگ کے انداز میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ ہندوستان اور عمان کے درمیان کھیلے گئے گذشتہ چار مقابلوں میں میزبان ٹیم نے 11گول بنانے کا موقع فراہم کیا جب کہ صرف ایک مرتبہ اسے کامیابی حاصل ہوئی ۔ دو ناکامیوں کے باوجود ہندوستانی ٹیم ایک مقابلہ کو ڈرا کرنے میں کامیاب ہی رہی ہے ۔ آخری مرتبہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ فبروری 2012ء کو مسقط میں کھیلا گیا تھا اور اس دوستانہ مقابلہ میں عمان نے بہ آسانی 5-1کی کامیابی حاصل کی تھی اور مہمان ٹیم اسی کامیابی کو دہرانے کیلئے کوشاں ہوںگی ۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم جس نے نیپال کے خلاف پہلے مرحلے کے مقابلوں میں 2-0 اور 0-0 کے نتائج حاصل کئے ہیں اُس سے ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہیں ۔ یہ مقابلہ کنٹیروا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں عمان 2014ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلہ میں کامیابی کے قریب پہنچنے کے باوجود آگے نہ بڑھنے کی تلخ یادوں کو مٹانے کی خواہاں ہوگی۔