ورلڈ کپ کوارٹر فائنلز : کل سری لنکا ۔ جنوبی افریقہ میچ

اڈیلیڈ، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) رواں کرکٹ ورلڈ کپ کا گروپ مرحلہ ختم ہو گیا، اب کوارٹر فائنل کا دَور 18 مارچ کو شروع ہو گا۔ یہ مرحلہ 21 مارچ تک چلے گا۔ پہلا کوارٹر فائنل جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان ہو گا۔ یہ میچ چہارشنبہ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ نے پول بی میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ سری لنکا نے پول اے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دوسرا کوارٹر فائنل 19 مارچ کو ہندوستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ ہندوستان نے اپنے پول بی میں تمام 6 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور اس کے 12 پوائنٹس ہیں جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم پول اے میں چوتھے نمبر پر رہی۔ یہ میچ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا کوارٹر فائنل 20 مارچ کو ہو گا۔ اس میچ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور یہ مقابلہ ایڈیلیڈ کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے اس گراؤنڈ میں دو میچ کھیلے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف اسی گراؤنڈ پر پاکستان کو شکست ہوئی تھی جبکہ آئرلینڈ کو پاکستان نے شکست دی۔ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل 21 مارچ کو ویلنگٹن میں ہو گا جو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم گروپ بی میں چوتھے نمبر پر رہی ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے پول اے میں تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی اور اس کی پہلی پوزیشن ہے۔