حیدرآباد ۔ /22 فبروری (سیاست نیوز) ورلڈ کپ کرکٹ کے جاری میچیس پر سٹے بازی میں ملوث تین ٹولیوں کو کمشنر ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا ۔ساؤتھ زون ٹیم نے بہادر پورہ کے اسکراپ گودام میں دھاوا کرتے ہوئے11 افراد کو گرفتار کرلیا جو سٹے بازی میں ملوث تھے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ بہادر پورہ سری راما تھیٹر کے قریب ہندوستان اور ساؤتھ آفریقہ کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ ونڈے میچ کے موقع پر محمد ظہیر الدین جو اسکراپ کا کاروبار چلاتا ہے نے اپنی دوکان میں سٹے بازی شروع کی ۔ پولیس نے یہاں پر دھاوا کرتے ہوئے محمد ظہیر الدین ، شیخ محمد عاصم ، محمد اکرم ، محمد سلیم الدین ، محمد عبدالرحیم ، محمد عمر ، محمد محسن ، سید یونس ، جاوید خان ، محمد غوث اور محمد عبدل آصف جن کا تعلق پرانے شہر سے ہے کو گرفتار کرلیا اور اس دھاوے میں 14 انچ کلر ٹی وی ، سیٹ اپ باکس ، 10 موبائیل فون اور 51 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرلی اور انہیں بہادر پورہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں ایسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم نے 42 سالہ ایم وینکٹیشور راؤ کے فلیٹ نمبر 202 واقع سائی سری ساکٹ اپارٹمنٹ نیو نلہ کنٹہ پر دھاوا کرکے اس کے قبضے سے ایل سی ڈی ، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹیشور راؤ جاری کرکٹ میچیس پر مغربی گوداوری کے نائیڈو کی مدد سے سٹہ کا کاروبار چلارہا تھا اور وہ اس کاروبار کیلئے سائمسنگ ایل سی ڈی ، لیپ ٹاپ ، سیٹ اپ باکس اپنے فلیٹ میں نصب کرکے سٹہ وصول کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ فون کے ذریعہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ میچ پر اس نے سٹہ وصول کیا تھا اور فون پر وہ سرگرم تھا ۔ وینکٹیشور راؤ کی سرگرمیوں کی اطلاع پر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے دو موبائیل فون ، 47 ہزار نقد رقم اور 3 کتابیں برآمد کرلی ۔ ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ اسے نلہ کنٹہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ ویسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم نے بھی شاہ عنایت گنج علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے کرکٹ بکی یوگیش کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ٹی وی سیٹ ، 9500 نقد رقم اور موبائیل فون برآمد کرلئے۔