ورلڈ کپ ٹرافی کا ایک حصہ ٹوٹ گیا

برلن۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جرمن فٹبال اسوسی ایشن (ڈی ایف بی) نے انکشاف کیا ہے کہ ایک جرمن اسٹار نے ورلڈ کپ ٹرافی کا ایک حصہ توڑ ڈالا۔ ڈی ایف بی کے صدر والف گینگ نیئرس باخ نے اعتراف کیا کہ برازیل ورلڈ کپ میں فاتح جرمنی کو دی جانی والی ٹرافی کا ایک حصہ ٹوٹ گیا ہے۔ اس حوالے سے تحقیقات بھی کی تھی تاہم کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوسکااور ٹرافی کو نقصان پہنچانے والے کھلاڑی کا علم نہ ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ ٹرافی کونقصان پہنچنے پر پریشان ہونے کی قطعا ضرورت نہیں کیونکہ ہمارے پاس ماہر افراد ہیں جو ٹرافی کے ٹوٹے ہوئے حصے کو جوڑ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ جرمنی نے ارجنٹینا کو شکست دیکر چوتھی مرتبہ فیفاورلڈ کپ حاصل کیا ہے ۔

عالمی چمپیئن جرمن ٹیم کا وطن پہنچنے پرخوب جشن اور ان کا شایان شان والہانہ استقبال کیا گیا اوران کے اعزاز میں خاص تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔ فاتح کھلاڑی پورے ہفتے ٹرافی کے ساتھ برلن کا دورہ کرتے رہے،اسی دوران ٹرافی کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔ٹرافی کو نقصان پہنچنے کی خبر سے اندازہ ہوتا ہے کہ کسی نے ٹرافی کو مضبوطی سے پکڑتے ہوئے ورلڈ کپ جیتنے کا جشن منایا ہے۔ خوش قسمتی کی بات یہ کہ برازیل ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کو ٹرافی کی نقل پیش کی دی گئی تھی جس کی قیمت 10ملین یورو ہے۔فیفا فٹبال اسوسی ایشنس اس پراعتماد نہیں کرتا جس کی وجہ سے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو اصل ٹرافی نہیں دی جاتی۔