ملبورن۔5فبروری( سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ ونڈے کرکٹ کیلئے اہمیت کا حامل ہونے کے علاوہ ٹوئنٹی 20اور ٹسٹ کرکٹ کے درمیان ایک پُل کا کام بھی کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند ممالک میں ونڈے کرکٹ اہمیت کے حامل ہے جیسا کہ ہم نے دیکھا کہ جنوبی افریقہ میں منعقدہ حالیہ ونڈے سیریز کے دوران میدان کرکٹ شائقین سے بھرے ہوئے تھے جب کہ ہندوستانی ٹیم کے علاوہ دیگر اہم ٹیموں کے درمیان دنیا کے کسی بھی کونے میں مقابلہ ہوتا ہے تو اس میں کرکٹ شائقین اپنی دلچسپی دکھاتے ہیں ۔ رچرڈسن کے بموجب ونڈے ‘ ٹوئنٹی 20اور ٹسٹ کرکٹ کے درمیان ایک بہترین پُل کا کام کرتا ہے ‘ جیسا کہ ٹوئنٹی 20جہاں مختصر وقت میں تفریح کا سامان فراہم کرتا ہے وہیں ونڈے مقابلہ دن بھر کی تفریح کا سامان دیتا ہے ۔ آئی او سی کے جنرل رچرڈسن نے مزید کہا ہے کہ ونڈے میں نافذ قواعد کھلاڑیوں کو جارحانہ کھیل کی طرف راغب کرتے ہیں جس میں چاہے بیٹنگ ہو ‘ بولنگ ہو یا پھر کپتانی ہو ہمیں جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملتا ہے ۔ جنوبی افریقہ کیلئے 42ٹسٹ اور 122ونڈے مقابلوں میں بحیثیت وکٹ کیپر بیٹسمین نمائندگی کرنے والے رچرڈسن نے کہا کہ چند دنوں میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ کرکٹ کیلئے ایک کامیاب ٹورنمنٹ کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔