ورلڈ کپ وارم اپ مقابلہ میں ہندوستان کا آسٹریلیا سے سامنا

دبئی ۔2 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ 2015 کے 14وارم اپ مقابلوں کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔8 فروری کو پہلا وارم اپ میچ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم9فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف سڈنی کے قریب بلیک ٹاون کے مقام پر میچ کھیلے گی۔11 فروری کو سڈنی کرکٹ گراونڈ میں پاکستان کا میچ دوسرا وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ کا آغاز 14فروری کو ہوگا۔وارم اپ میچوں میں تما م بڑی ٹیموں کو دو دو میچ ملیں گے۔ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو ونڈے کھیلنے کے بعد آسٹریلیا جائے گی۔ 13فروری کو آخری وارم اپ میچ افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلا جائے گا۔ورلڈ کپ کا سب سے اہم میچ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 15 فروری کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔ٹورنمنٹ میں14ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ہر گروپ میں 7 ٹیمیں ہیں اور فی گروپ دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کریںگی۔علاوہ ازیں آئی سی سی نے آج ورلڈکپ کیلئے 25 ارکان پر مشتمل عہدیداروں کی ٹیم کا اعلان بھی کردیا ہے۔ امپائروں کی فہرست میں علیم ڈار ، بلی باوڈن، بروس آکسن فورڈ ، پال رائفل ، رچرڈ ایلنگ ورتھ، رچرڈ کیٹل بورگ ، راڈ ٹکراور اسٹیو ڈیوس شامل ہیں۔