ورلڈ کپ میں ہند پاک میچ کے مخالف اس کھیل سے مخلص نہیں:محمد حفیظ

گلگت۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ جو لوگ عالمی کرکٹ کپ میں پاکستان اورہندوستان کے درمیان میچ کی مخالفت کرتے ہیں وہ اس کھیل سے ہرگز مخلص نہیں، ایسے عناصر جنٹلمین گیم کو تباہ کرنے پہ تلے ہوئے ہیں، دنیا کے تمام ممالک جن کا تعلق کرکٹ سے ہے وہاں کے لوگ پاک ہندوستان میچ کو پسند کرتے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر گلگت سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔واضح رہے کہ عالمی کپ کرکٹ کے لیے دو روایتی حریفوں ہندوستان اور پاکستان میں تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔اگلے مہینے کی 5 تاریخ سے ان میں مزید تیزی آجائے گی اور یہ تیاریاں عروج پر پہنچ جائیں گی جب کہ 16 جون وہ تاریخی دن ہوگا جب دونوں حریف آستین چڑھا کر، جیت کا عزم لیے ایک دوسرے کے مدِ مقابل میدان میں اتریں گے۔ ہندوستان اور پاکستان نے ابھی تک ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا۔ لیکن کون سا کھلاڑی سلیکٹ ہوگا اور کون سا نہیں، اس پر بھی بڑی بڑی شرطیں اور اندازے لگنے لگے ہیں۔قرعہ کسی کے بھی نام کھلے یا ہما کسی بھی کھلاڑی کے سر پر بیٹھے، اسکواڈ کے اعلان کی حتمی تاریخ طے ہے۔قواعد کے مطابق تمام ٹیموں کو 23 اپریل تک ہر صورت اپنے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرنا ہوگا۔اس سلسلے میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ابتدا ہوچکی ہے اور اس نے سب سے پہلے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔