10 ٹیموں کے درمیان ابتدائی مراحل کے مقابلے ہوں گے
سرفہرست چار ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلس کھیلے جائیں گے
کولکتہ۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ سال ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی ہندوستانی درخواست آئی سی سی نے منظور کر لی گئی ہے اور ایونٹ میں پاکستان سے ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ اب 16جون کو ہو گا۔بی سی سی آئی کے حکام نے بتایا کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بورڈ کی طرف سے ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی گئی تھی تاکہ ہندوستانی ٹیم کو انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) فائنل اور میگا ایونٹ کے ابتدائی میچ کے درمیان 15 دن کا وقفہ مل سکے۔ابتدائی شیڈول کے تحت ہندوستان کا پہلا میچ 2 جون کو جنوبی افریقہ کے ساتھ رکھا گیا تھا لیکن اب ٹیم 4 جون کو پروٹیز کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔گزشتہ چند ایونٹس میں پاکستان اور ہندوستان کا پہلے ہی میچ میں مقابلہ کروا دیا جاتا تھا لیکن اس ایونٹ میں دونوں ٹیمیں ایونٹ کے درمیان میں مدمقابل ہوں گی۔ورلڈ کپ 30 مئی تا14 جولائی انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں آسٹریلیائی ٹیم خطاب کا دفاع کرے گی جبکہ ایونٹ میں پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں 16 جون کو مدمقابل ہوں گی۔یہ ایونٹ 1992 کے ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ روبن کی طرز پر کھیلا جائے گا جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے کم از کم ایک میچ کھیلیں گی اور 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ورلڈ کپ 2019 کا حتمی شیڈول 30 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔آئندہ سال انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والا ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنمنٹ 1992 کے ورلڈ کپ طرزکے تحت کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم دوسری ٹیم کے خلاف فی کس ایک میچ کھیلے گی۔ ہر ٹیم 9 گروپ میچ کھیلے گی جس کے بعد چار سرفہرست ٹیمیں سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کریں گی۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ورلڈ کپ کا سب سے اہم میچ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں 16 جون کو کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ انگلینڈ کے دس میدانوں پر 30 مئی تا 14 جولائی کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ اوول لندن میں کھیلا جائیگا۔ پہلا سیمی فائنل مانچسٹر اور دوسرا ایجبسٹن برمنگھم میں ہوگا۔ لارڈز کا تاریخی میدان فائنل کی میزبانی کرے گا۔ ورلڈ کپ کے شیڈول کو کل آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کولکتہ میں حتمی شکل دی جائے گی۔ جبکہ اجلاس کے بعد اس کا اعلان ایک تقریب میں کیا جائے گا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 4 جون کو کھیلے گی۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان ہندوستان کے درمیان میچ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا تھا۔ ٹورنمنٹ کے45 گروپ میچوں سمیت 48 میچ ہوں گے۔ دس ٹیمیں ورلڈ کپ ٹرافی کے حصول کی دوڑ میں شرکت کریں گی۔ انگلینڈ 1975، 1979، 1983، 1999کے بعد ریکارڈ پانچویں مرتبہ میگا ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔