نئی دہلی ۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان این چیپل کے مطابق 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈکپ تاریخ کا سب سے کھلا ٹورنمنٹ ہوگا جس میں ہر دعویدار ٹیم کیلئے پورے مواقع موجود رہیں گے۔ میگا ایونٹ کے نتائج کا بہت زیادہ انحصار موسم پر ہوگا۔ اگر مئی جون میں موسم روایتی طور پر مرطوب گرمی ہوئی تو وکٹیں سیم اور سوئنگ بولروں کیلئے سازگار ثابت ہوں گی جس سے بیٹسمینوں کیلئے وکٹ مشکل ثابت ہوگی، تاہم موسم خشک رہنے کی صورت میں بیٹنگ آسان ہوگی۔ میرے اندازے کے مطابق ٹورنمنٹ میں اہم ترین کردار بولروں کو ادا کرنا پڑے گا۔ حقیقی رفتار رکھنے والے فاسٹ بولروں اور اسپنرز ورلڈکپ میں حکمرانی کرسکتے ہیں۔ چیپل نے مزید کہا کہ متوازن بولنگ شعبے کی حامل ٹیم ہی پیشقدمی جاری رکھ پائے گی۔ انہوں نے انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ،آسٹریلیا اور ہندوستان کو پسندیدہ قراردیا۔ چیپل کے مطابق ان ٹیموں کے پاس انگلش وکٹوں سے فائدہ اٹھانے والے بولر موجود ہیں، تیزی سے بہتر ہوتی ویسٹ انڈیز اور ناقابل بھروسہ پاکستان ٹیم کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔