ورلڈ کپ میں مسلم کھلاڑیوں کا رمضان

برازیلیا۔یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ 1986 کے بعد پہلا ورلڈ کپ ہے جس کے دوران رمضان کا مہینہ آیا ہے۔ تاہم برطانیہ کے تقریباً 19 گھنٹے کے مقابلے برازیل میں یہ روزہ صرف 11 گھنٹے کا ہے۔عالمی کپ میں شرکت کرنے والی غیر مسلم ممالک کی ٹیموں میں بھی متعدد مسلمان کھلاڑی کھیل رہے ہیں تاہم ورلڈ کپ جیسے سخت اور مشکل مقابلے کے دوران بعض کھلاڑیوں نے روزے نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں جرمنی کے مشہور فٹبالر مسعود اوزیل اور فرانس کے بکری سنیا شامل ہیں۔عالمی کپ میں شریک الجزیرا کی ٹیم کے منیجر واحد خلیل ہودچ اس بات پر سخت برہم ہیں کہ ان سے بار بار یہ سوال کیوں کیا جارہا ہے کہ ان کی ٹیم کے کتنے کھلاڑی روزے رکھیں گے؟واحد خلیل نے کہا ہے کہ روزے رکھنا کسی بھی شخص کا ذاتی معاملہ ہے اور اس کا احترام کیا جانا ضروری ہے۔بوسنیا سے تعلق رکھنے والے واحد خلیل نے الجزیرا کے ان اخبارات کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جنھوں نے ان پر تنقید کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان نقادوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ بھی مسلمان ہیں۔بیلجیئم کی ٹیم میں مروین فلیانی، موسی دمبیلے اور عدنان جنوزاد تین مسلمان کھلاڑی شامل ہیںآئیوری کوسٹ کی ٹیم کے کھلاڑی کولو طورے نے یہ طے کر رکھا تھا کہ وہ میچوں کے دوران بھی روزے رکھیں گے۔کولو طورے کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی چند روزے مشکل ہوتے ہیں لیکن پھر آپ کا جسم عادی ہو جاتا ہے۔طورے کہتے ہیں کہ ان کے لئے روزہ رکھ کر فٹبال کھیلنا نئی بات نہیں ہے البتہ وہ رمضان کے دوران ڈاکٹر اور ٹرینر کی خاص ہدایات پرسختی سے عمل کرتے ہیں۔کولو طورے کے بھائی یحییٰ طورے بھی آئیوری کوسٹ سے کھیلتے ہیں اور ان کا خیال بھی اپنے بھائی سے مختلف نہیں۔فرانس کی ٹیم میں شامل مسلمان کھلاڑیوں میں کریم بینزیما، مامدو سکو، بکری سنیا اور موسیٰ سیسو کو شامل ہیں۔بوسنیا کی ٹیم میں اکثریت مسلمان کھلاڑیوں کی ہے جن میں قابل ذکر مانچسٹرسٹی سے کھیلنے والے ایڈن زیکو ہیں تاہم یہ ٹیم بھی عالمی کپ سے باہر ہو چکی ہے۔بیلجیم کی ٹیم میں تین مسلمان کھلاڑی مروین فیلیانی، موسی دمبیلے اور عدنان جنوزاد شامل ہیں۔فیلیانی اور جنوزاد انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔سوئٹزرلینڈکی ٹیم میں بھی چھ مسلمان کھلاڑی موجود ہیں جن میں دفاعی کھلاڑی فلپ سیندیروس نے دو سال قبل مانچسٹر کے اسلامک سینٹر میں اسلام قبول کیا تھا۔الجزیر اکی ٹیم کے تمام کھلاڑی جبکہ بوسنیا کی ٹیم میں بیشتر کھلاڑی مسلمان ہیں۔