ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کی پیش قیاسی مشکل : شاستری

ممبئی۔12جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ کامنٹیٹر روی شاستری سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد شدنی آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 2015ء ایک کھلا ٹورنمنٹ ہوگا ۔ کیونکہ دنیا بھر میں آئی پی ایل اور اس طرح کی ٹوئنٹی لیگس کھیلی جارہی ہے۔یہاں ایک تقریب میں شرکت کے دوران میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے روی شاستری نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس مرتبہ ورلڈ کپ ایک کھلا ٹورنمنٹ ہوگا جس میں کسی ایک ٹیم کی کامیابی کی پیش قیاسی مشکل ہے لیکن آسٹریلیا نے شاندار طریقہ سے واپسی کی ہے جس نے پہلے ایشیز سیریز میں انگلینڈ کو شکست دی پھر

دورہ جنوبی افریقہ کے موقع پر میزبان ٹیم کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے لیکن یہ فتوحات ٹسٹ کرکٹ کی ہیں جس کے باوجود ان فتوحات سے آسٹریلیائی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ روی شاستری نے مزید کہا کہ 14فبروری تا 29مارچ 2015ء کو کھیلا جانے والا ورلڈ کپ ہر ٹیم کیلئے ایک کھلا ٹورنمنٹ ہوگا جس کی اہم وجہ ان دنوں ٹوئنٹی 20کرکٹ کی بہتات ہے ۔ ہندوستان ٹیم کے اپنے خطاب کے دفاع کے امکانات پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاستری نے کہا کہ کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی فٹنس پر سب کچھ انحصار کرے گا ‘ کیونکہ ورلڈ کپ سے قبل ہندوستانی کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ اور ونڈے مقابلوںمیں شرکت کریں گے جس کے بعد ان پر تھکان ہوگی۔