ورلڈ کپ میں شکست مایوس کن ‘ لیکن توجہ آئی پی ایل پر مرکوز

ممبئی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اسٹار ہندوستانی بلے باز روہت شرما نے آج کہا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ارکان ورلڈ کپ کا دفاع نہ کرپانے پر مایوس ہیں لیکن مجوزہ انڈین پریمئیر لیگ کی صورت میں ایک نیا چیلنج ان کا منتظر ہے ۔ ہندوستان کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جو سڈنی میں کھیلا گیا تھا آسٹریلیا کے خلاف 95 رنوں سے شکست ہوگئی تھی ۔ آسٹریلیا نے ہی اس بار عالمی چمپئن کا خطاب جیتا تھا ۔ ممبئی انڈینس ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ اب تمام کھلاڑیوں کی توجہ ٹوئنٹی 20 آئی پی ایل ٹورنمنٹ میں کامیابی پر ہی توجہ مرکوز ہے ۔ روہت شرما نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ ہم اس بار ورلڈ کپ اپنے ساتھ نہیں لائے ہیں لیکن جیسے ہی ہم ہندوستان پہونچے ہیں ہم جانتے ہیں کہ ہمارے سامنے ایک نیا چیلنج ہے ۔ یہ چیلنج آئی پی ایل کا ہے ۔ اب ہم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ کس طرح آئی پی ایل میں کامیابی حاصل کی جائے

اور چمپئن شپ جیتی جائے ۔ ہندوستانی اوپنر نے کہا کہ حالانکہ ہندوستانی ٹیم کو چار ماہ تک آسٹریلیا میں مقیم رہنا پڑا تھا لیکن اب تمام کھلاڑی دو ماہ طویل آئی پی ایل کیلئے بھی تیار ہیں۔ وہ ذہنی اور جسمانی اعتبار سے دو ماہ تک جدوجہد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری طرح تیار ہیں۔ آئی پی ایل کا شیڈول بل از وقت جاری کردیا جاتا ہے ۔ ایسے میں ہر کوئی جانتا ہے کہ ہمیں آسٹریلیا میں چار ماہ گذارنے کے بعد یہاں بھی دو ماہ تک مقابلہ کرنا ہے ۔ ایسے میں ہم ذہنی طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ کوئی بھی ذہنی طور پر اس کیلئے تیار نہیں ہے کیونکہ بحیثیت کھلاڑی ہم چاہتے ہیں کہ ہر ٹورنمنٹ میں ہم اچھا مظاہرہ کریں۔ یہ ہمارے لئے موقع ہے ۔

یہ ہمارے لئے بہترین مظاہرہ کرنے کا ایک بڑا پلیٹ فارم ہے ۔ 2013 کی چمپئن ٹیم ممبئی انڈینس کا گذشتہ سال کی چمپئن کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کا 8 اپریل کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں افتتاحی مقابلہ ہونے والا ہے ۔ روہت نے کہا کہ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے پاس اچھی بولنگ لائین اپ ہے ۔ وہ دفاعی چمپئن ہے ۔ ہم کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ یقینی طور پر پہلا مقابلہ دونوں ٹیموں پر مظاہرہ کیلئے دباؤ کا موجب ہوگا ۔ نائیٹ رائیڈرس نے کولکتہ میں اچھا مظاہرہ کیا ہے اور وہ یہاں کے حالات کو بہت بہتر سمجھتے ہیں۔ ہمارے پاس بھی اچھی ٹیم ہے اور ہم مشکل صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے آکشن میں ہم نے نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کو حاصل کیا ہے ۔ یہ ایک اچھی متوازن ٹیم نظر آتی ہے ۔ جاریہ سال آئی پی ایل سیزن سے قبل ہماری تیاریاں بھی اچھی رہی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ٹورنمنٹ کے دوران نوجوان کھلاڑی اچھا مظاہرہ کرینگے ۔

روہت اس بات پر بھی خوش ہیں کہ ممبئی کا پہلا مقابلہ کولکتہ میں ہونے والا ہے ۔ اسی میدان پر ممبئی نے 2013 میں چینائی سوپر کنگس کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کولکتہ سے ہماری اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ ہم نے یہاں چمپئن شپ جیتی ہے ۔ ہم وہاں کے حالات کو بھی اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ ٹیم وہاں کے حالات سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے گی ۔ یہ بہت اہم ہے کہ ٹورنمنٹ کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی جائے اور آئندہ میچس کیلئے ٹیم کو تیار کیا جائے ۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلیا کپتان رکی پانٹنگ نے بھی کہا کہ آئی پی ایل کیلئے ٹیم نے اچھی تیاری کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے بڑا چیلنج ہے ۔ ہم کولکتہ ‘ دفاعی چمپئن سے مقابلہ کرنے جا رہے ہیں۔ اب تک ہماری تیاریاں اچھی رہی ہیں اور انہیں کھلاڑیوں کے انداز سے خوشی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کو کولکتہ میں بھی ٹریننگ اور پریکٹس کا موقع دستیاب رہے گا۔