ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرعزم ہوں : سعید

کراچی ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کے بعد سعید اجمل نے فیصل آباد میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بولنگ ایکشن پر جو اعتراض سامنے آیا ہے وہ ان کے لئے مسئلہ نہیں ہے۔ وہ اس پابندی کے خلاف اپیل کریں گے اور انھیں یقین ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سعید اجمل نے کہا کہ ان کا بازو عام نوعیت سے زیادہ مڑا ہوا ہے اسی لئے بولنگ کرتے ہوئے وہ 15 ڈگری سے زیادہ معلوم ہوتا ہے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی سے اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ معطلی کے فیصلے پر اپیل کی جائے گی اور اس کے لئے آئی سی سی کا مروجہ طریقہ کار اختیار کیا جائے گا جس کے لئے دو ہفتے دیئے جاتے ہیں۔ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر آئی سی سی کے تازہ ترین فیصلے سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ فیصلہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہاتھ میں ہے کہ وہ کتنی جلدی سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو منظور کرانے کی کوشش کرتا ہے۔ چونکہ سعید اجمل کے پورے ایکشن پر ہی اعتراض ہوا ہے لہٰذا اس کی درستگی میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔سعیداجمل نے مزید کہا ہیکہ برسبین میں منعقدہ بائیو میکانک معائنے کا نتیجہ میرے حق میں نہیں آیا ہے۔ تاہم اس کے باوجود میں نے ہمت نہیں ہاری ہے اور میں جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کروں گا۔ سعید اجمل کے بموجب پابندی ان کیلئے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے اوروہ اس پابندی سے باہر نکلنے کیلئے مناسب راستہ اختیار کریں گے۔