نئی دہلی 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق کرکٹ کپتان و چیف سلیکٹر چندو بورڈ نے اس خیال کا اظہار کیا کہ مجوزہ کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کے امکانات کا زیادہ تر انصحار تجربہ کار کپتان مہیندر سنگھ دھونی پر رہیگا کہ وہ کس طرح سے ٹیم کی قیادت کرتے ہیں۔ ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ 2011 کی فاتح ٹیم اس بار اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے آئی ہے جس میں یوراج سنگھ ‘ وریندر سہیواگ ‘ ظہیر خان ‘ ہربھجن سنگھ اور گوتم گمبھیر جیسے کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔ ان تمام کھلاڑیوں نے 2011 کا خطاب دلانے میں اہم ترین رول ادا کیا تھا ۔ علاوہ ازیں ٹیم میں ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر بھی شامل نہیں ہے جو کرکٹ سے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ حالانکہ موجودہ ہندوستانی ٹیم میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے لیکن اس میں صرف چار ایسے کھلاڑی ہیں جو سابقہ ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں۔ چند بورڈے نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ ہماری ٹیم تجربہ کار نہیں ہے ۔ یہ نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے تاہم اس طرح کے ورلڈ کپ کے میچس اور ایسی صورتحال میں کپتان ایک اہم رول ادا کرتا ہے ۔ ہمارے کپتان کو وسیع تجربہ ہے اور وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہیںاور جانتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کس طرح کی جاتی ہے ۔ ان کے خیال میں کپتان کی حیثیت سے دھونی کا رول اور ذمہ داری اہمیت کی حامل ہوگی ۔